اسحاق ڈار کی زیر صدارت بین الحکومتی تجارتی معاملات سے متعلق کابینہ کمیٹی کا اجلاس، مختلف امورپر غور

ہفتہ 19 جولائی 2025 18:23

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جولائی2025ء)بین الحکومتی تجارتی معاملات سے متعلق کابینہ کمیٹی نے ڈیفنس ڈویڑن کو ہدایت کی ہے کہ وہ اسلام اباد انٹرنیشنل ایئر پورٹ کی آئوٹ سورسنگ کے حوالے سے مزید تفصیلات آئندہ اجلاس میں پیش کرے۔ ہفتے کو دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے بین الحکومتی تجارتی معاملات سے متعلق کابینہ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کی۔

(جاری ہے)

کمیٹی نے اسلام آباد ایئرپورٹ کے انتظام و انصرام اور آپریشنز کو آوٹ سورس کرنے کے لیے گورنمنٹ ٹو گورنمنٹ فریم ورک پر غور کیا۔ تفصیلی غور کے بعد کمیٹی نے دفاعی ڈویژن کو ہدایت کی کہ مزید معلومات حاصل کرنے کے بعد اس معاملے کو دوبارہ کمیٹی کے سامنے غور کے لیے پیش کیا جائے۔کمیٹی نے کراچی پورٹ ٹرسٹ(کے پی ٹی)پر تجارتی سامان کی نقل و حمل میں سہولت کے لیے ریلوے منصوبے کا بھی جائزہ لیاجو بندرگاہ پر دبائوکم کرنے کے لیے بنایا گیا ہے۔ غور و خوض کے بعد کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ اس منصوبے کی مالی معاونت مقامی وسائل سے کی جائے گی۔