غیر ملکی انتخابات کی شفافیت پر رائے محدود کی جائے، امریکی سفارتکاروں کو مارکو روبیو کی ہدایت

ہفتہ 19 جولائی 2025 20:42

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جولائی2025ء)ملکی اور دنیا بھر میں موجود امریکی سفارتی اور قونصلر دفاتر کو غیر شفاف غیر ملکی انتخابات پر کی جانے والی تنقید کو محدود کرنے کاحکم دے دیا گیا۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکا نے امریکی وزیرخارجہ مارکو روبیو نے دنیا بھر میں امریکی سفارتی اور قونصلر دفاتر کو نئی ہدایت جاری کردی۔

نئی ہدایت کے مطابق امریکا غیر ملکی انتخابات کے حوالے سے اپنی رائے مخصوص مواقع تک محدود رکھے گا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی سفارتی اور قونصلر دفاتر اپنے پیغامات میں کسی بھی انتخابی عمل کی شفافیت، دیانتداری، اس کی قانونی حیثیت یا متعلقہ ملک کی جمہوری اقدار پر رائے دینے سے گریز کریں۔امریکی وزیرخارجہ کی جانب سے سفارتی و قونصلر دفاتر کو بھیجے گئے سرکاری پیغام میں کہا گیا کہ غیر ملکی انتخابات پر بیانات مختصر ہونے چاہئیں، جیتنے والے امیدوار کو مبارکباد دینے اور جہاں مناسب ہو وہاں مشترکہ خارجہ پالیسی مفادات کی نشاندہی تک محدود رہنے چاہئیں۔

(جاری ہے)

مارکو روبیو کا کہنا تھا کہ انتخابات سے متعلق پیغامات کو کسی نظریے کے فروغ کے بجائے، امریکی خارجہ پالیسی کے مقاصد کے فروغ کے لیے استعمال کیا جائے۔ان کا کہنا تھا کہ انتخابات سے متعلق ممکنہ بیانات صدر ٹرمپ کے ایجنڈے کے مطابق تیار کیے جائیں۔یہ ہدایات محکمہ خارجہ کے ملکی دفاتر اور بیرونی مشنز دونوں پر لاگو ہو گی۔