خضدار سرکٹ بینچ ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کا قیام، بشیر احمد سمالانی صدر اور شاہزیب بلوچ جنرل سیکریٹری منتخب

ہفتہ 19 جولائی 2025 20:40

خضدار(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جولائی2025ء) وسطی بلوچستان کے آٹھ اضلاع کے وکلاء نے مل کر ہائی کورٹ سرکٹ بینچ خضدار کے نام سے ایک نئی تنظیم تشکیل دی ہے اس تنظیم کی عبوری کابینہ کا اعلان بھی کر دیا گیا ہے، جس میں ایڈووکیٹ بشیر احمد سمالانی کو صدر اور شاہزیب بلوچ کو جنرل سیکریٹری منتخب کیا گیا ہے۔ہفتے کے روز خضدار میں منعقد ہونے والے ایک اہم اجلاس میں وسطی بلوچستان کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے وکلاء نے باہمی مشاورت کے بعد خضدار سرکٹ بینچ ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کی بنیاد رکھی۔

اجلاس میں عبوری کابینہ کے اراکین کا انتخاب بھی عمل میں آیا۔ منتخب ہونے والے عہدیداران میں صدر بشیر احمد سمالانی (خضدار)، نائب صدر حاجی نظر بلوچ (خاران)، جونیئر نائب صدر عبدالسلام عمرانی (قلات)، جنرل سیکریٹری شاہزیب بلوچ (حب)، جوائنٹ سیکریٹری محمد نعیم مینگل (خضدار)، جونیئر جوائنٹ سیکریٹری آسیہ سلام (خضدار)، پریس سیکریٹری قاضی عبدالغفور (آواران)، فنانس سیکریٹری قادر بخش جمالی (اوتھل)، اور لائبریرین سیکریٹری نوید بلوچ (سوراب) شامل ہیں۔

(جاری ہے)

اجلاس سے قبل خضدار بار روم میں ایک ابتدائی اجلاس منعقد کیا گیا، جس کا مقصد ہائی کورٹ سرکٹ بینچ خضدار کی تشکیل اور اس کی عبوری کابینہ کے انتخاب سے متعلق مشاورت تھا۔ اجلاس میں ضلع خضدار، حب، سوراب، اور قلات کے وکلاء کے نمائندوں نے ذاتی طور پر شرکت کی، جبکہ لسبیلہ بار اور آواران بار کے نمائندوں نے حب بار کے جنرل سیکریٹری محمد اسلم مینگل کو مکمل اختیار تفویض کیا۔

مجموعی طور پر چھ اضلاع کے وکلائ نے اس مشاورت میں حصہ لیا، جبکہ خاران بار اور واشک بار کے نمائندے شرکت نہ کرسکے۔اجلاس اپنے ایجنڈے کے مطابق کامیابی سے مکمل ہوا۔ اجلاس کی کارروائی خضدار بار کے جنرل سیکریٹری غلام نبی ایڈووکیٹ نے سرانجام دی۔اجلاس میں شریک سینئر وکلاء ، جن میں خضدار بار کے سینئر ممبر خالد محمود مینگل، صدر فیاض محمد شہی، جنرل سیکریٹری غلام نبی مینگل، حب بار کے سینئر ممبر شاہزیب بلوچ، جنرل سیکریٹری محمد اسلم مینگل، قلات بار کے صدر عبدالسلام عمرانی، اور سوراب بار کے صدر منیر آزاد اور جنرل سیکریٹری قدیر بلوچ شامل تھے، نے خطاب کیا۔

انہوں نے ہائی کورٹ سرکٹ بینچ خضدار کی تشکیل کو خطے کے وکلاء کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دیا اور اسے عدالتی نظام کی بہتری کے لیے ایک مثبت اقدام بتایا۔اجلاس کے بعد بلدیہ ریسٹ ہاؤس خضدار میں میڈیا کو بریفنگ دی گئی، جس میں خضدار سرکٹ بینچ ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے قیام اور اس کے مقاصد سے صحافیوں کو آگاہ کیا گیا۔ اس موقع پر خضدار بار ایسوسی ایشن کی جانب سے وکلائ اور صحافیوں کے اعزاز میں ایک پرتکلف ظہرانے کا اہتمام بھی کیا گیا۔

یہ نئی تنظیم وسطی بلوچستان کے وکلاء کے حقوق کے تحفظ، عدالتی نظام کی بہتری، اور علاقائی سطح پر قانونی خدمات کو بہتر بنانے کے لیے کام کرے گی۔ وکلاء نے امید ظاہر کی کہ یہ تنظیم اضلاع میں قانون کی بالادستی اور وکلائ برادری کے مسائل کے حل میں اہم کردار ادا کرے گی۔

متعلقہ عنوان :