بھارتی فوجیوں نے چھتیس گڑھ میں6 قبائلی افراد کو ہلاک کر دیا

اتوار 20 جولائی 2025 11:40

رائے پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جولائی2025ء) بھارتی فورسز نے بی جے پی کے زیر اقتدار ریاست چھتیس گڑھ میں ایک مقامی رہنما سمیت 6قبائلی کارکنوں کو ہلاک کر دیا۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ان قبائلی ارکان کو بھارتی فورسز نے نارائن پور اور بیجا پور اضلاع کی سرحد پر ابوجھمڑھ جنگل میں محاصرے اور تلاشی کی ایک کارروائی کے دوران ہلاک کیا۔

(جاری ہے)

بھارتی فورسز نے علاقے میں مائونوازوں کی موجودگی کے بارے میں معلومات ملنے کے بعد آپریشن ایک دن پہلے شروع کیا تھا۔حکام نے ہلاک ہونے والے افرادکو نکسل تحریک کا کارکن قرار دیا، تاہم مقامی باشندوں اور مرنے والوں کے اہل خانہ نے سرکاری موقف کی تردیدکرتے ہوئے کہاکہ یہ عام شہری تھے جن کا مائونواز وں سے کوئی تعلق نہیں تھا۔ پولیس کے اس دعوے کے باوجود کہ مقتول افراد مائو نوازباغی تھے،ان کے اہل خانہ واقعہ کی آزادانہ تحقیقات کا مطالبہ کر رہے ہیں۔