دبئی پولیس نے خود کو سرمایہ کاری کے ایجنٹ ظاہر کرنے والا سائبر کرائم گینگ گرفتار کرلیا

یہ آپریشن قومی آگاہی مہم #BeAwareofFraud کے تحت اس وقت شروع کیا گیا جب متاثرہ افراد کی جانب سے متعدد شکایات موصول ہوئیں

aijaz ahmad gondal اعجاز احمد گوندل اتوار 20 جولائی 2025 14:54

دبئی پولیس نے خود کو سرمایہ کاری کے ایجنٹ ظاہر کرنے والا سائبر کرائم ..
دبئی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 جولائی 2025ء ) دبئی پولیس نے سوشل میڈیا پر جعلی ٹریڈنگ اور سرمایہ کاری اسکیموں کے ذریعے لوگوں کو دھوکہ دینے والے سائبر کرائم گینگ کو گرفتار کر لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق یہ کارروائی جنرل ڈیپارٹمنٹ آف کرمنل انویسٹی گیشن کے اینٹی فراڈ سینٹر نے تفصیلی نگرانی اور تفتیش کے بعد کی۔ یہ گینگ معروف الیکٹرانک سرمایہ کاری پلیٹ فارمز کا جھوٹا دعویٰ کر کے متاثرین سے فون کالز کے ذریعے رابطہ کرتا تھا، اور انہیں جلد اور زیادہ منافع کا لالچ دے کر رقوم منگواتا تھا۔

یہ رقوم بعد میں متحدہ عرب امارات سے باہر بینک اکاؤنٹس میں منتقل کر دی جاتی تھیں۔ یہ آپریشن قومی آگاہی مہم #BeAwareofFraud کے تحت اس وقت شروع کیا گیا جب متاثرہ افراد کی جانب سے متعدد شکایات موصول ہوئیں۔

(جاری ہے)

پولیس نے مشتبہ افراد کی شناخت اور مقام کا تعین کرتے ہوئے فوری کارروائی کی اور انہیں گرفتار کر کے قانونی کارروائی کے لیے متعلقہ عدالتی حکام کے حوالے کر دیا۔

دبئی پولیس نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ وہ غیر لائسنس یافتہ سرمایہ کاری کی پیشکش کرنے والے افراد یا اداروں سے ہوشیار رہیں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع eCrime پلیٹ فارم، دبئی پولیس ایپ یا 901 پر کال کر کے دیں۔ پولیس نے واضح کیا کہ متحدہ عرب امارات میں صرف مجاز اور لائسنس یافتہ ادارے ہی سرمایہ کاری کی خدمات فراہم کر سکتے ہیں۔