سندھ کے دور دراز علاقوں میں معذوری کی بحالی کو ترجیح دی جائے، حاجی عابد لاشاری

اتوار 20 جولائی 2025 16:50

لاڑکانہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جولائی2025ء) نیشنل ڈس ایبیلٹی اینڈ ڈویلپمنٹ فورم (این ڈی ایف) جو کہ معروف سماجی رہنما حاجی عابد لاشاری کی قیادت میں کام کر رہا ہے، لاڑکانہ میں معذور بچوں کے لیے مفت بحالی کی خدمات فراہم کر رہا ہے۔ یہ اہم اقدام سندھ کے پسماندہ طبقات، خصوصاً دور دراز علاقوں میں بسنے والے خاندانوں کی مدد کے لیے کیا گیا ہے، جہاں خصوصی خدمات تک رسائی ایک بہت بڑا چیلنج ہے۔

این ڈی ایف نے محکمہ برائے بااختیاری معذور افراد (DEPD) حکومت سندھ کے اشتراک سے بحالی مراکز قائم کئے ہیں، جہاں بچوں کو فزیوتھراپی، اسپیچ تھراپی، آکوپیشنل تھراپی، سائیکو تھراپی اور ریمی ڈیئل تھراپی جیسی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ یہ تمام خدمات مکمل طور پر مفت فراہم کی جاتی ہیں، جن کے ساتھ آنے اور جانے کی سہولت بھی دی جاتی ہے تاکہ کم آمدنی والے خاندانوں پر بوجھ کم ہو۔

(جاری ہے)

حاجی عابد لاشاری، صدر این ڈی ایف نے کہا کہ این ڈی ایف سندھ کے ان علاقوں تک پہنچنے کے لیے پرعزم ہے جہاں معذور بچے اکثر نظر انداز کر دیئے جاتے ہیں اور انہیں کوئی سہارا نہیں ملتا۔ حکومت سندھ DEPD کے ساتھ ہماری شراکت داری کے ذریعے ہم نہ صرف لاڑکانہ میں بحالی کی بنیادی سہولیات فراہم کر رہے ہیں بلکہ ہمارا ارادہ ہے کہ ہم یہ خدمات سندھ کے دیگر اضلاع اور شہروں تک وسعت دیں۔این ڈی ایف نے حکومت سندھ، عطیہ دہندگان اور سول سوسائٹی تنظیموں سے اپیل کی ہے کہ وہ میرپورخاص، مٹھی، گھوٹکی، دادو، سانگھڑ، بدین اور دیگر دور دراز علاقوں میں معذور بچوں کی بحالی کو ترجیح دیں اور ایک دوسرے سے تعاون کریں تاکہ ہر معذور بچے کو شامل اور برابری پر مبنی مدد فراہم کی جا سکے۔

متعلقہ عنوان :