qشیرا کوٹ میں بیوی پر تیزاب پھینکنے والا سفاک شوہر گرفتار

ں*ڈی آئی جی کے نوٹس پر پولیس ٹیم نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے گرفتاری عمل میں لائی

اتوار 20 جولائی 2025 19:10

,لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 جولائی2025ء) تھانہ شیرا کوٹ کے علاقے میں بیوی پر تیزاب پھینکنے والے سفاک شوہر کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔ ترجمان پولیس کے مطابق ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس کو فوری کارروائی کی ہدایت کی تھی۔ انچارج انویسٹی گیشن تھانہ شیرا کوٹ صفدر پرویز نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا۔

(جاری ہے)

ایس پی انویسٹی گیشن کے مطابق ملزم نے چند روز قبل گھریلو ناچاقی کے باعث اپنی بیوی کے چہرے اور جسم پر تیزاب پھینک دیا تھا، جس سے وہ شدید زخمی ہو گئی۔ واقعے کے بعد ملزم موقع سے فرار ہو گیا تھا۔ ایس پی سدرہ خان نے بتایا کہ ملزم کو جدید ٹیکنالوجی اور ہیومن انٹیلیجنس کی مدد سے گرفتار کیا گیا ہے۔پولیس کے مطابق متاثرہ خاتون کو طبی امداد کے لیے فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا تھا، جہاں اس کا علاج جاری ہے۔ مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش جاری ہے۔ پولیس حکام نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ خواتین پر تشدد میں ملوث عناصر کو قانون کے مطابق سخت سزا دلوائی جائے گی۔