کراچی‘ سابق شوہر کے بھائی کی فائرنگ سے خاتون جاں بحق

ملزمان چھوٹی بیٹی کو لینے آئے تھے، اس دوران سابق شوہر شارق کے بھائی عارف نے گولی

منگل 9 ستمبر 2025 14:10

کراچی‘ سابق شوہر کے بھائی کی فائرنگ سے خاتون جاں بحق
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 ستمبر2025ء)سرجانی ٹاؤن خدا کی بستی فیز ون میں گھریلو جھگڑے کے دوران فائرنگ سے خاتون جاں بحق ہوگئی۔پولیس کے مطابق واقعہ ٹی سی ایف اسکول کے قریب گھر میں پیش آیا جہاں 35 سالہ سندس زوجہ عمران عرف دانیال گولی لگنے سے جاں بحق ہو گئی۔ لاش کو چھیپا ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔

(جاری ہے)

ترجمان کراچی پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے، جس کی تحقیقات جاری ہیں۔ واقعے کے بعد مقتولہ کی بہن سحر نے ویڈیو بیان جاری کیا جس میں بتایا گیا کہ اس نے اپنے شوہر شارق سے خلع لیا ہوا تھا۔سحر کے مطابق اس کا سابق شوہر اپنے بھائی علی، عارف اور بہن کے ساتھ والدہ کے گھر آیا اور زبردستی اس کی چھوٹی بیٹی کو ساتھ لے جانے کی کوشش کی۔ اس دوران شارق کے بھائی عارف نے فائرنگ کر دی جس کی زد میں آکر سندس جاں بحق ہوگئی۔فائرنگ کے بعد ملزمان موقع سے فرار ہوگئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔