Live Updates

سرکاری ملازمین کے لیے احساس ای پنشن سسٹم کے اجراء کی منظوری دیدی گئی

پیر 8 ستمبر 2025 20:34

سرکاری ملازمین کے لیے احساس ای پنشن سسٹم کے اجراء کی منظوری دیدی گئی
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 ستمبر2025ء)خیبرپختونخوا حکومت کا ڈیجیٹل گورننس کی جانب ایک اور انقلابی اقدام، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے سرکاری ملازمین کے لیے احساس ای پنشن سسٹم کے اجراء کی منظوری دیدی ہے۔ ای پنشن سسٹم یکم جنوری 2026 سے نافذ العمل ہوگا۔ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ نے ای پنشن سسٹم کے اجراء کے لئے کانسپٹ پیپر تیار کر لیا ہے جبکہ کانسپٹ پیپر کو عملی شکل دینے کے لئے محکمہ خزانہ کو احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں۔

جنوری 2026 سے نئے پنشنرز کو پنشن کی ادائیگی ای پنشن سسٹم کے تحت کی جائے گی جبکہ موجودہ پیپر بیسڈ پنشن نظام کو مکمل پیپر لیس ای پنشن نظام میں تبدیل کر دیا جائے گا۔ اس مقصد کے لیے احساس پنشن ڈیش بورڈ کا اجراء کیا جائے گا جو بیسڈ پلیٹ فارم ہو گا اورمکمل طور پر پیپر لیس ورک فلو پر مشتمل ہو گا۔

(جاری ہے)

ملازمین ریٹائرمنٹ سے چھ ماہ قبل پورٹل پر ایک سادہ ڈیجیٹل فارم پرُ کر کے پنشن کیس داخل کرا سکیں گے،تمام ضروری دستاویزات بھی محفوظ طریقے سے سکین کرکے براہ راست پورٹل پر اپ لوڈ کی جا سکیں گی۔

اسی طرح ، اگلے مرحلے میں سسٹم خودکار طریقے سے متعلقہ حکام کے لیے ٹائم باؤنڈ ٹاسکس تخلیق کرے گا، نئے نظام کے تحت کسی بھی مرحلے میں ایک بھی فزیکل فائل یا پیپر استعمال نہیں ہو گا۔ن ویری فکیشن اور منظوری کا تمام عمل بھی ڈیجیٹل سسٹم کے ذریعے مکمل کیا جائے گا۔ سسٹم خودکار طریقے سے سینکشن آرڈر، ریٹائرمنٹ آرڈر، پنشن پیپرز اور پنشن پیمنٹ آرڈر تیار کرے گا۔

یہ تمام آرڈرز ڈیجیٹل دستخط شدہ ہوں گے جو قانونی طور پر قابل قبول ہوں گے۔ ای پنشن سسٹم کے تحت محکمہ وار کارکردگی کی مانیٹرنگ کا ایک مربوط اور موثر نظام ہوگا۔وزیر اعلیٰ، چیف سیکرٹری اور سیکرٹری خزانہ ڈیش بورڈ کے ذریعے کارکردگی کو مانیٹر کریں گے۔ یہ پیپر لیس نظام نادرا، اے جی آفس اور بینکس کے ساتھ منسلک ہو گا۔ مقررہ ٹائم لائن کے اندر پنشن ریٹائرڈ ملازم کے بنک اکاؤنٹ میں منتقل کر دی جائے گی۔

مزید برآں ، ای۔پنشن نظام کو دیرپا بنانے کے لیے متعلقہ قوانین میں ضروری ترامیم تجویز کی گئی ہیں۔ای۔ پنشن سسٹم کا بروقت اجراء یقینی بنانے کے لیے دس اہداف پر مشتمل روڈ میپ تیار کیا گیا ہے۔ روڈ میپ میں متعلقہ محکموں کو واضح اہداف بمعہ ٹائم لائنزن تفویض کیے گئے ہیں۔ 15 جنوری 2026 تک ای۔ پنشن سسٹم کا باضابطہ افتتاح کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

نئے سسٹم کے اجراء سے پنشن پراسیس ٹائم مہینوں سے کم ہو کر دو سے چار ہفتوں تک آ جائے گا۔اس آن لائن نظام سے پینشنرز کو پنشن کے لیے دفاتر کے چکر نہیں لگانا پڑیں گے۔ وزیر اعلیٰ نے اس سلسلے میں جاری اپنے بیان میں کہا کہ ملازمین کو پنشن کے موجودہ نظام کی طرح مشکلات اور پریشانیوں کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا،یہ ایک حقیقی پیپر لیس سسٹم ہو گا جس سے شفافیت اور جوابدہی کو فروغ ملے گا۔

صوبائی حکومت عمران خان کے وژن کے مطابق صوبے کو حقیقی معنوں میں ڈیجیٹل پختونخوا بنانے کے لئے اقدامات کر رہی ہے۔ خیبر پختونخوا ای۔ پنشن سسٹم کا اجراء کرنے والا ملک کا پہلا صوبہ ہوگا۔ موجودہ صوبائی حکومت نے اب تک 36 مختلف عوامی خدمات کو آن لائن کردیا گیا ہے جبکہ باقی خدمات کو بھی آن لائن کرنے پر کام تیزی سے جاری ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات