نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے پاپولیشن ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کا آگاہی سیمینار

پیر 21 جولائی 2025 18:04

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جولائی2025ء) سیکرٹری پاپولیشن ویلفیئر ظفر وقار تاج کی ہدایت پر پاپولیشن ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ نےآر آئی زیڈکنسلٹنگ کے اشتراک سے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے حوالے سے ایک روزہ آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا۔ پاپولیشن ویلفیئر سیکرٹریٹ میں منعقدہ اس سیمینار کے مہمانِ خصوصی ایڈیشنل سیکرٹری سماجی بہبود، نسوانی ترقی و امور نوجوانان عارف تحسین تھے۔

سیمینار میں ایڈیشنل سیکرٹری پاپولیشن ویلفیئر عارف تحسین، ڈپٹی سیکرٹری انصار احمد، ڈائریکٹر امین خان، اے ڈی ٹیکنیکل ڈاکٹر حفیظ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر دیدار کریم، ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر میر عظیم خان اور ضیاء الرحمان سمیت بڑی تعداد میں نوجوانوں نے شرکت کی، جن میں آئی ٹی کے شعبے سے وابستہ نوجوان بھی شامل تھے۔

(جاری ہے)

مقررین نے نوجوانوں کو بڑھتی ہوئی آبادی اور محدود وسائل کے مابین توازن سے متعلق آگاہی فراہم کی۔

اس موقع پر مختلف پریزینٹیشنز کے ذریعے نوجوانوں کو آبادی میں تیز رفتار اضافے کے منفی اثرات اور قومی ترقی پر اس کے اثرات سے آگاہ کیا گیا۔ایڈیشنل سیکرٹری عارف تحسین نے خطاب میں کہا کہ نوجوان ہی ملک کا اصل سرمایہ اور روشن مستقبل ہیں۔ معاشی ترقی کے لیے آبادی اور وسائل میں توازن ضروری ہے، اور اس ضمن میں نوجوان کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ پاپولیشن ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ جلد ہی جی بی آر ایس پی کے تحت نوجوانوں کو آسان اقساط پر قرضہ جات فراہم کرے گا تاکہ وہ خود کفیل بن سکیں۔ڈائریکٹر امین خان نے کہا کہ نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے محکمہ اپنے تمام وسائل بروئے کار لائے گا تاکہ وہ بہتر فیصلے کرکے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کریں۔آخر میں ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر ضیاء الرحمان نے کامیاب سیمینار کے انعقاد پر تمام شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے نوجوانوں کے جذبے کو سراہا۔

متعلقہ عنوان :