وفاقی کابینہ نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ہونے والے باہمی اسٹریٹجک دفاعی معاہدے کی توثیق کر دی

محکمہ پلانٹ پروٹیکشن کے 15 ناقابل پرواز ہوائی جہازوں (8 سیسنا اور 7 فلیچر) کو تعلیمی، یادگاری یا نمائش کے مقاصد کے لیے مختلف اداروں کو عطیہ کرنے کی منظوری واپڈا کے زیر انتظام اہم ڈیموں اور ہائیڈرو پاور منصوبوں کی حفاظت کے لیے خصوصی سیکورٹی فورس کے قیام کے لئے واپڈا سیکورٹی فورس ایکٹ، 2025 کی قانون سازی کی اصولی منظوری دے دی گئی

جمعرات 9 اکتوبر 2025 21:20

وفاقی کابینہ نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ہونے والے باہمی اسٹریٹجک ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اکتوبر2025ء) وفاقی کابینہ نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ہونے والے باہمی اسٹریٹجک دفاعی معاہدے کی توثیق کر دی جبکہ محکمہ پلانٹ پروٹیکشن کے 15 ناقابل پرواز ہوائی جہازوں (8 سیسنا اور 7 فلیچر) کو تعلیمی، یادگاری یا نمائش کے مقاصد کے لیے مختلف اداروں کو عطیہ کرنے اور واپڈا کے زیر انتظام اہم ڈیموں اور ہائیڈرو پاور منصوبوں کی حفاظت کے لیے خصوصی سیکورٹی فورس کے قیام کے لئے واپڈا سیکورٹی فورس ایکٹ، 2025 کی قانون سازی کی اصولی منظوری دے دی۔

جمعرات کو وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیراعظم ہاؤس ، اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کو اپنے سعودی عرب، قطر، اقوام متحدہ جنرل اسمبلی اور ملائیشیاء کے سرکاری دوروں کے حوالے سے تفصیلی آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

وفاقی کابینہ نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ہونے والے باہمی اسٹریٹجک دفاعی معاہدے کی توثیق کر دی۔

اس موقع پر کابینہ اراکین نے پاکستان اور سعودی عرب کی قیادت کو خراجِ تحسین پیش کیا۔وفاقی کابینہ نے وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق کی سفارش پر محکمہ پلانٹ پروٹیکشن کے 15 ناقابل پرواز ہوائی جہازوں (8 سیسنا اور 7 فلیچر) کو تعلیمی، یادگاری یا نمائش کے مقاصد کے لیے مختلف اداروں کو عطیہ کرنے کی منظوری دے دی۔ ادارے کے زیر استعمال باقی 4 قابل پرواز بیور ہوائی جہاز ٹڈی دل کے خلاف کارروائیوں کے لیے محکمہ پلانٹ پروٹیکشن کے زیر استعمال رہیں گے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل ان ہوائی جہازوں کی نیلامی کے سابقہ اقدامات کامیاب نہیں ہو پائے تھے جس کے بعد ان ہوائی جہازوں کے حوالے سے یہ اقدام اٹھایا گیا ہے۔وفاقی کابینہ نے وزارت آبی وسائل کی سفارش پر واپڈا کے زیر انتظام اہم ڈیموں اور ہائیڈرو پاور منصوبوں کی حفاظت کے لیے خصوصی سیکورٹی فورس کے قیام کے لئے واپڈا سیکورٹی فورس ایکٹ، 2025 کی قانون سازی کی اصولی منظوری دے دی۔

وفاقی کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کے 2 اکتوبر، 2025 کے اجلاس میں کئے گئے فیصلوں کی توثیق کر دی۔وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے لیجسلیٹو کیسز کے 22 ستمبر 2025 کو ہونے والے اجلاس میں کئے گئے فیصلوں کی توثیق کر دی تاہم آلٹرنیٹ میڈیسنز اینڈ ہیلتھ پراڈکٹس اینلسمینٹ رولز 2014،(Alternate Medicines and Health Products Enlistment Rules-2014) میں مجوزہ ترامیم پر خصوصی کابینہ کمیٹی غور و خوص کرے گی۔