شادباغ میں جوئے کے اڈوں پر پولیس کا کریک ڈاؤن، 60 افراد گرفتار

پیر 21 جولائی 2025 23:12

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 جولائی2025ء) شادباغ پولیس نے افسران بالا کی ہدایت پر جوئے کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے سنوکر کلبوں میں جاری غیر قانونی سرگرمیوں کو بے نقاب کر دیا۔ ایس ایچ او شادباغ ارشاد باغ نے ٹیم کے ہمراہ رات گئے مختلف سنوکر کلبوں پر چھاپے مارے جہاں ساری رات جوا کھیلنے کا غیر قانونی دھندہ جاری تھا۔کارروائی کے دوران پولیس نے بااثر افراد کے زیرِ سرپرستی چلنے والے جوئے کے اڈوں پر چھاپے مار کر تقریباً 60 جواریوں کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔

(جاری ہے)

پولیس نے کلبوں سے لاکھوں روپے مالیت کا جوا، داؤ پر لگی رقم اور دیگر مواد بھی برآمد کر لیا۔ذرائع کے مطابق یہ سنوکر کلب عرصہ دراز سے غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث تھے، جنہیں پولیس کے لیے نو انٹری زون سمجھا جاتا تھا۔ تاہم ایس ایچ او ارشاد باغ کی جرات مندانہ کارروائی نے ان کلبوں کی سرگرمیوں پر کاری ضرب لگائی ہے۔افسران بالا نے ایس ایچ او اور ٹیم کی بروقت کارروائی کو سراہتے ہوئے شاباش دی اور آئندہ بھی ایسے غیر قانونی عناصر کے خلاف سخت کارروائی جاری رکھنے کی ہدایت کی۔ عوامی حلقوں نے بھی پولیس کی کارروائی کو خوش آئند قرار دیا ہے۔

متعلقہ عنوان :