وفاقی سیکرٹری ہائوسنگ کی زیر صدارت ویڈیو لنک اجلاس ، ہائوسنگ منصوبوں کا جائزہ

پیر 21 جولائی 2025 21:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جولائی2025ء) وفاقی سیکرٹری ہائوسنگ اینڈ ورکس حامد یعقوب شیخ کی زیر صدارت ویڈیو لنک اجلاس منعقد ہوا جس میں ملک بھر کے ہائوسنگ منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں سیکرٹری ہائوسنگ پنجاب نورالامین مینگل نے پنجاب حکومت کے نمایاں اور عوامی فلاحی ہاوسنگ منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔سیکرٹری ہائوسنگ نے اجلاس کو بتایا کہ "اپنی چھت اپنا گھر" اور "اپنی زمین اپنا گھر" جیسے انقلابی پروگرامز کے ذریعے کم آمدنی والے طبقہ کو باعزت رہائش کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ "اپنی چھت اپنا گھر"پروگرام کے تحت اب تک 51ہزار خاندانوں کو قرضہ جات فراہم کیے جا چکے ہیں جبکہ "اپنی زمین اپنا گھر"پروگرام کے تحت 367020درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔

(جاری ہے)

مزید برآں، افورڈیبل ہاوسنگ پروگرام کے تحت 20000گھروں کی فراہمی آسان اقساط پر زمین سمیت کی جائے گی جو کہ ایک بڑی سہولت ہے۔پنجاب حکومت نے تعمیراتی شعبہ کی سہولت کے لیے بزنس فسیلیٹیشن سینٹرز قائم کیے ہیں جبکہ تمام تعمیراتی این او سیز کی فراہمی کو 35 دن سے کم کر کے صرف 5 دن میں مکمل کرنے پر کام جاری ہے۔

وفاقی سیکرٹری نے پنجاب حکومت کے پروگرام "اپنی چھت اپنا گھر"کو منفرد اور قابل تقلید ماڈل قرار دیتے ہوئے اس کی تعریف کی۔نورالامین مینگل نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازکے ویژن کے تحت ہائوسنگ سیکٹر میں جدید خطوط پر اصلاحات لائی جا رہی ہیں تاکہ ہر فرد کو رہائش کی سہولت میسر آ سکے۔

متعلقہ عنوان :