Live Updates

فیلڈ مارشل سے کاروباری شخصیات کی ملاقات، بجٹ سے متعلق تحفظات دور کرنے کا مطالبہ

حکومت وعدے پورے کرے، شرح سود کو مہنگائی کے تناسب سے کم کرنے کی ضرورت ہے تاکہ کاروباری سرگرمیاں بڑھ سکیں، برآمدات پر مبنی معیشت کو آگے چلایا جائے گا؛ سابق نگراں وزیر گوہراعجاز کی گفتگو

Sajid Ali ساجد علی منگل 22 جولائی 2025 10:40

فیلڈ مارشل سے کاروباری شخصیات کی ملاقات، بجٹ سے متعلق تحفظات دور کرنے ..
راولپنڈی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 جولائی 2025ء ) پاک فوج کے سربراہ فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر سے ملک کی نمایاں کاروباری شخصیات نے ملاقات کی ہے جس میں بجٹ سے متعلق تحفظات دور کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر سے ملک کی اہم کاروباری شخصیات نے راولپنڈی میں ملاقات کی، جس میں آرمی چیف کو ملکی معیشت کے موجودہ حالات اور مستقبل کے معاشی چیلنجز کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی، ملاقات کرنے والے وفد کی قیادت سابق نگراں وفاقی وزیر گوہر اعجاز نے کی ان کے ساتھ وفد میں دیگر اہم کاروباری شخصیات بھی شریک ہوئیں جن میں اپٹما کے چیئرمین کامران ارشد، ایس ایم تنویر اور ایف پی سی سی آئی و لاہور چیمبر کے صدور شامل تھے۔

بتایا گیا ہے کہ آرمی چیف سے ملاقات کے دوران گوہر اعجاز نے فیلڈ مارشل کو بتایا کہ کاروباری برادری موجودہ حکومت کی معاشی پالیسیوں کی حمایت کر رہی ہے اور وہ اس بات کی خواہاں ہے کہ معیشت کی بہتری کے لیے مزید کاروباری آسانیاں فراہم کی جائیں تاہم معیشت میں استحکام کی اہمیت کے پیش نظر حکومت کو معاشی اصلاحات کے عمل میں تیز رفتار اقدامات کرنے کی ضرورت ہے، معاشی اصلاحات کے لیے کاروباری آسانیاں بھی پیدا کی جائیں ۔

(جاری ہے)

گوہر اعجاز نے اس موقع پر کہا کہ شرح سود کو مہنگائی کے تناسب سے کم کرنے کی ضرورت ہے تاکہ کاروباری سرگرمیاں بڑھ سکیں، وفاقی بجٹ کے حوالے سے کاروباری برادری کے تحفظات کو دور کرنے انتہائی ضروری ہے، حکومت کو اپنے وعدوں کو پورا کرنے کی ضرورت ہے تاکہ برآمدات پر مبنی معیشت کو مزید مستحکم کیا جا سکے، ملکی کپاس کی صنعت اور کسانوں کی ترقی کے لیے خصوصی اقدامات کیے جائیں تاکہ زرعی معیشت میں بھی بہتری لائی جا سکے۔
Live مہنگائی کا طوفان سے متعلق تازہ ترین معلومات