Live Updates

کاشتکار سویابین کی کاشت رواں ماہ جولائی کے آخری ہفتہ میں شروع کریں ، محکمہ زراعت

منگل 22 جولائی 2025 17:04

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جولائی2025ء) محکمہ زراعت کے ماہرین تیلدار اجناس نے کاشتکاروں کو سویابین کی کاشت رواں ماہ جولائی کے آخری ہفتہ میں شروع کرکے اگست کے آخر تک مکمل کرنے کی سفارش کی ہے اورکہاہے کہ فیصل سویا بین اور اجمیری سویابین کاشت کرکے 20 سے25من تک فی ایکڑ پیداوار حاصل کی جاسکتی ہے۔ انہوں نے مذکورہ سفارش کردہ اقسام کے بارے میں بتایاکہ فیصل سویابین نامی قسم پنجاب کے تمام آبپاش علاقوں میں کاشت کی جاسکتی ہے جس کی تھوڑی سے احتیاطی تدابیر اختیارکرکے 25من فی ایکڑ تک پیداوار لی جاسکتی ہے۔

انہوں نے بتایاکہ یہ قسم پنجاب کے زیادہ بارش والے پوٹھوہار کے علاقوں میں بھی بآسانی کاشت کی جاسکتی ہے۔ انہوں نے بتایاکہ اجمیری سویا بین نامی قسم پنجاب کے بارانی علاقوں راولپنڈی، جہلم،چکوال،سیالکوٹ وغیرہ میں انتہائی کامیابی سے کاشت کی جاسکتی ہے جس کی فی ایکڑ پیداوار 20 من تک ہے نیز اسے پنجاب کے نہری علاقوں میں کاشت کرکے بھی بہتر پیداوار کا حصول ممکن بنایاجاسکتاہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ سویا بین کو سنگل رو ڈرل سے قطاروں میں تر وتر میں کاشت کرتے ہوئے قطاروں کا درمیانی فاصلہ 30سے45سینٹی میٹر اور شرح بیج30سے 35کلوگرام فی ایکڑ رکھنی چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ بہتر ہے کہ بیج کو تھائیو فائینیٹ میتھائل یا مینکو زیب گروپ کی کوئی بھی زرعی ادویات2 سے اڑھائی گرام فی کلو گرام کے حساب سے لگا کر کاشت کیاجائے تاکہ اسے مختلف بیماریوں سے بچانا ممکن ہوسکے۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :