مانسہرہ،پولیس کی عوام کو ناران،کاغان کا غیر ضروری سفر کرنے سے گریز کرنے کی ہدایت

منگل 22 جولائی 2025 18:10

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جولائی2025ء) مانسہرہ پولیس نے مون سون بارشوں کے باعث عوام اور سیاحوں کو ناران،کاغان کا غیر ضروری سفر کرنے سے گریز کرنے کی ہدایت کر دی۔پیغام میں کہا گیا ہے کہ حالیہ مون سون بارشوں کے نتیجے میں لینڈ سلائیڈنگ، سیلابی ریلوں اور رابطہ سڑکوں کی بندش کے شدید خدشات موجود ہیں۔

(جاری ہے)

ان خطرات کے پیش نظر مانسہرہ پولیس کی جانب سے عوام الناس اور خصوصاً سیاح حضرات سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ موجودہ موسم کے دوران وادی کاغان و ناران کی جانب غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔

ضلعی انتظامیہ کی جانب سے بھی اس حوالے سے احتیاطی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر شفیع اللہ گنڈاپور کے احکامات کی روشنی میں پولیس کی اضافی نفری کو وادی کاغان کے داخلی پوائنٹس،چیک پوسٹس اور ٹورسٹ فیسلیٹیشن سنٹرز پر تعینات کر دیا گیا ہے جہاں پر سیاحوں کو ممکنہ خطرات سے متعلق بروقت بریفنگ دی جا رہی ہے تاہم سیاحوں اور شہریوں کا تعاون بھی ازحد ضروری ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :