غربت مٹائو پروگرام کو سندھ بھرمیں وسعت دے رہے ہیں، سیدناصرحسین شاہ

منگل 22 جولائی 2025 20:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جولائی2025ء) صوبائی وزیر منصوبہ بندی و ترقی سیدناصرحسین شاہ نے کہا ہے کہ حکومت سندھ کا سندھ رورل سپورٹ آرگنائزیشن (ایس آر ایس او) کے تحت کسی منصوبہ کوختم کرنے کا کوئی ارادہ نہیں بلکہ اس کی ذمہ داری میں اضافہ کرتے ہوئے غربت مٹائو پروگرام کو سندھ بھرکے شہری اور دیہی علاقوں میں وسعت دے رہے ہیں۔

منگل کو جاری اعلامیہ کے مطابق یہ بات انہوں نے آرٹس کونسل میں سندھ رورل سپورٹ آرگنائزیشن (ایس آر ایس او)کے پروگرام میں صدارتی تقریر کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ یہ جاری پروگرام شہیدبے نظیربھٹوکا خواب تھا،سندھ کے17 اضلاع میں یہ پروگرام جاری ہے اب اس پروگرام کو پورے صو بہ میں وسعت دی جا رہی ہے۔سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ اب ہم خواتین کو دیئے جانے والے قرضہ کی رقم پندرہ لاکھ تک بڑھا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے اعلان کیا کہ حکومت سندھ کے گائوں میں بجلی کیلئے منی گرڈ اسٹیشن بنائے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ غریب افراد کو فری سولر بجلی دیں گے، دیگر سے دس روپے فی یونٹ وصول کریں گے۔اس موقع پر ایس آر ایس او کی چیئرپرسن ناہید شاہ درانی اور سی ای او محمد ڈتل کلہوڑو نے بھی خطاب کیا۔اس موقع پر رکن سندھ اسمبلی اور پبلک اکائونٹس کمیٹی کے رکن قاسم سراج سومرو، چیئرمین پلاننگ ڈولپمینٹ سمیت ایس آر ایس او کے پروگرام میں 6 اضلاع سے 400 خواتین نے شرکت کی۔