ایبٹ آباد ، ایوب میڈیکل کمپلیکس کی ایم آر آئی مشین کی فرانزک رپورٹ کیلئے دوبارہ ٹینڈرکا فیصلہ کرلیا گیا

جمعرات 24 جولائی 2025 18:31

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جولائی2025ء) ایوب میڈیکل کمپلیکس ایبٹ آباد کی ایم آر آئی مشین کی فرانزک رپورٹ کے لیے دوبارہ ٹینڈر کا فیصلہ کر لیا گیا۔محکمہ صحت خیبرپختونخوا کی قائمہ کمیٹی کی زیر نگرانی ایوب میڈیکل کمپلیکس ایبٹ آباد میں ایم آر آئی مشین سے متعلق ذیلی کمیٹی کا اہم اجلاس جمعرات کے روز رکن کمیٹی و ممبر صوبائی اسمبلی سیدہ شہلا بانو کی صدارت میں منعقد ہوا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ایم آر آئی مشین کی فرانزک رپورٹ کے حصول کے لیے دوبارہ نیلامی (ری ٹینڈرنگ) کی جائے گی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ ایوب میڈیکل کمپلیکس کی انتظامیہ نے قائمہ کمیٹی کی ہدایت پر فرانزک رپورٹ کے لیے ٹینڈر کیا تھا تاہم اس عمل میں صرف ایک فرم نے روایتی (مینوئل) طریقے سے درخواست جمع کروائی جو کہ خیبرپختونخوا خریداری ضوابط (کے پی پی آر اے قوانین) کے برخلاف ہے،ان ضوابط کے مطابق تمام درخواستیں برقی نیلامی نظام (ای پروکیورمنٹ سسٹم) کے ذریعے جمع کروانا لازم ہیں چونکہ مذکورہ فرم نے برقی نظام کے تحت درخواست جمع نہیں کروائی اس لیے کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ ایم آر آئی مشین کی فرانزک رپورٹ کے لیے ٹینڈر کا عمل دوبارہ کیا جائے گا تاکہ شفافیت اور قانونی تقاضے پورے کیے جا سکیں۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ایوب ٹیچنگ ہسپتال کے ڈاکٹر داؤد اقبال،اصغر خان،سید بی بی،الطاف الرحمان،محمد یونس،ڈاکٹر فیصل،ڈائریکٹوریٹ آف ہیلتھ کے ڈاکٹر محمد عثمان شاہ،ڈاکٹر محمد علی،صحت کی نگران کمیشن (ایچ سی سی) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر ندیم اور میڈیکل ایجوکیشن ٹیم کے رکن ڈاکٹر محمد جنید خان نے شرکت کی۔