پی این ایس ساہیوال گن بوٹ کی لانچنگ، پاک بحریہ کے خود انحصاری کے سفر میں اہم سنگِ میل

جمعرات 24 جولائی 2025 21:40

پی این ایس ساہیوال گن بوٹ کی لانچنگ، پاک بحریہ کے خود انحصاری کے سفر ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 جولائی2025ء) پاک بحریہ کے لیے مقامی طور پر تیار کردہ جدید گن بوٹ پی این ایس ساہیوال کی لانچنگ تقریب کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس میں منعقد ہوئی، جس میں وائس چیف آف دی نیول اسٹاف، وائس ایڈمرل اویس احمد بلگرامی نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔یہ جدید گن بوٹ پاک بحریہ کے پلیٹ فارم ڈیزائن وِنگ (پی ڈی ڈبلیو) نے مکمل طور پر مقامی سطح پر ڈیزائن کی ہے اور یہ کراچی شپ یارڈ میں زیر تعمیر ہے۔

پی این ایس ساہیوال جدید ٹیکنالوجی سے لیس ہے اور اس میں طویل فاصلے تک مار کرنے والی سیمی آٹومیٹک گنز نصب کی جائیں گی، جو اسے سمندری سیکیورٹی اور میری ٹائم مشنز میں مؤثر کردار ادا کرنے کے قابل بناتی ہیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس ایڈمرل اویس احمد بلگرامی نے اس اہم کامیابی پر PDW اور KS&EW کی تکنیکی مہارت اور عزم کو سراہا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ پاک بحریہ کی خود انحصاری کی پالیسی کی عملی مثال ہے، جو ملکی دفاعی صنعت کو مضبوط بنانے میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔

انہوں نے وزارتِ دفاعی پیداوار کا خصوصی شکریہ ادا کیا جن کے مسلسل تعاون کے باعث یہ منصوبہ ممکن ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ گن بوٹ نہ صرف موجودہ بحری ضروریات کو پورا کرے گی بلکہ مستقبل میں ایسے مزید پلیٹ فارمز کی تیاری پاک بحریہ کی صلاحیتوں میں نمایاں اضافہ کرے گی۔تقریب میں پاک بحریہ، وزارتِ دفاعی پیداوار، شپ یارڈ اور شپ بلڈنگ انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے اعلیٰ حکام اور ماہرین نے شرکت کی۔ پی این ایس ساہیوال کی تیاری ملکی دفاعی صلاحیت میں اضافہ اور مقامی انجینئرنگ انڈسٹری کے فروغ کی جانب ایک اہم قدم ہے۔

متعلقہ عنوان :