190 ملین پاؤنڈ کیس کرپشن پر مبنی ہے، مذہبی یا سیاسی رنگ دینا حقائق سے فرار ہے ، عطاء اللہ تارڑ

جمعرات 24 جولائی 2025 21:58

190 ملین پاؤنڈ کیس کرپشن پر مبنی ہے، مذہبی یا سیاسی رنگ دینا حقائق سے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 جولائی2025ء) وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ 9 مئی کے سانحہ میں ملوث افراد کے خلاف ٹھوس شواہد موجود ہیں، جن میں سی سی ٹی وی فوٹیجز شامل ہیں اور یہ واضح طور پر معلوم تھا کہ ان واقعات کے پیچھے کون عناصر کارفرما تھے۔ ایک سو نوے ملین پاؤنڈ کیس کو مذہبی یا سیاسی رنگ دینا حقائق سے فرار ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوے انہوں نے بانی چیئرمین پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ 190 ملین پاؤنڈ کرپشن کیس میں وہ اپنے دفاع میں کوئی قابلِ قبول شواہد پیش کرنے میں ناکام رہے۔ یہ کہنا کہ ہم ریاستِ مدینہ کی بات کر رہے تھے، اور اسی لیے ہمیں سزا دی گئی، حقائق سے فرار کی کوشش ہے۔ 190 ملین پاؤنڈ کیس کا جواب مذہبی نعروں یا جذباتی بیانیے میں نہیں بلکہ شفاف عدالتی عمل میں ہے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے کہا کہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی کو قوم کو یہ وضاحت دینی چاہیے کہ انہوں نے بزنس ٹائیکون کے اربوں روپے کس بنیاد پر وصول کیے اور کہاں خرچ کیے۔ انہوں نے بانی چیئرمین کے بیٹوں کی بیرون ملک سرگرمیوں پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ان کا حق ہے کہ وہ مہم چلائیں، لیکن وہ جہاں بھی جائیں، 190 ملین پاؤنڈ کیس کی حقیقت عوام کو ضرور بتائیں۔

عطاء اللہ تارڑ نے اس بات پر زور دیا کہ اس کیس کو سیاسی رنگ دینے کی کوشش دراصل عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے مترادف ہے۔ اگر واقعی یقین ہے کہ یہ سیاسی کیس ہے تو فیکٹ شیٹ لے کر باہر جائیں اور ثابت کریں کہ کرپشن نہیں ہوئی۔ وفاقی وزیر اطلاعات کا مؤقف تھا کہ یہ معاملہ سیاسی ہمدردی کا نہیں بلکہ کرپشن کا ہے، اور اس پر قانون کے مطابق کارروائی ہو رہی ہے۔ انہوں نے اپوزیشن کو مشورہ دیا کہ وہ سیاسی مقدمات کا ڈرامہ بند کرے اور قانون کے سامنے جوابدہ بنے۔

متعلقہ عنوان :