وزیراعلیٰ بلوچستان نوجوانوں کی فلاح و بہبود، تعلیم، تربیت ،روزگار فراہمی کیلئے واضح وژن رکھتے ہیں،بلال کاکڑ

جمعرات 24 جولائی 2025 19:50

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جولائی2025ء) بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نوجوانوں کی فلاح و بہبود، تعلیم، تربیت اور روزگار کی فراہمی کیلئے ایک واضح وژن رکھتے ہیں اور ان کی قیادت میں نوجوانوں کیلئے ایسے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں جن کی ماضی میں کوئی نظیر نہیں ملتی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوتھ پارلیمینٹرین فورم کی صدر نوشین افتخار کی قیادت میں آنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفد نے وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ کی دعوت پر بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے دفتر کا دورہ کیا۔ رکنِ قومی اسمبلی نوابزادہ جمال رئیسانی، میر عثمان بادینی اور دیگر اہم شخصیات بھی وفد کا حصہ تھیں۔

(جاری ہے)

وفد کو بورڈ کی جانب سے صوبے میں مجوزہ سرمایہ کاری منصوبوں، سرمایہ کاروں کیلئے فراہم کی جانے والی حکومتی مراعات اور نوجوانوں کیلئے دستیاب معاشی مواقع کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

وفد نے بورڈ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ بلوچستان حکومت کا وژن نوجوان دوست اور ترقی پسند ہے۔بلال خان کاکڑ نے کہا کہ حکومتِ بلوچستان کی جانب سے نوجوانوں کی ترقی کیلئے متعدد اقدامات کیے جا رہے ہیں جن میں بلوچستان یوتھ ایمپاورمنٹ پروگرام کے تحت: نوجوانوں کو فنی تربیت، انٹر ن شپ، کاروباری رہنمائی اور اسٹارٹ اپ گرانٹس کی فراہمی،وزیراعلیٰ اسکلز ڈویلپمنٹ اسکیم،بینظیربھٹو اسکالرشپ پروگرام، نوجوانوں کو بیرون ملک روزگار کی فراہمی سمیت متعدد اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ بلوچستان بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈکے تحت نوجوانوں کو کاروبار، سرمایہ کاری اور حکومتی اسکیموں سے جوڑا جا رہا ہے۔بلال خان کاکڑ نے مزید کہا کہ ہمارا مقصد صرف بے روزگاری کا خاتمہ نہیں بلکہ نوجوانوں کو روزگار کے مواقع پیدا کرنے والے، جدت پسند اور مستقبل کے قائدین بنانا ہے۔ ہم ایک ایسا نظام تشکیل دے رہے ہیں جہاں ہر نوجوان بلوچ کو مواقع، رہنمائی اور ترقی تک رسائی حاصل ہو۔ ہمارا یقین ہے کہ نوجوانوں پر سرمایہ کاری ہی ایک خوشحال اور پٴْرامن بلوچستان کی بنیاد ہے۔