حاجی ولی محمد نورزئی کی زیر صدارت بلوچستان عوامی انڈوومنٹ فنڈ کا اجلاس، مختلف جان لیوا بیماریوں کے 372 کیسز کی منظوری دیدی

جمعرات 24 جولائی 2025 20:20

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جولائی2025ء) پارلیمانی سیکرٹری برائے سماجی بہبود حاجی ولی محمد نورزئی کی زیر صدارت بلوچستان عوامی انڈومنٹ فنڈ کا 23 واں بورڈ سول سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا ۔اجلاس میں سیکرٹری سماجی بہبود عصمت اللہ قریش، ڈائریکٹر جنرل سوشل ویلفیئر عبد الناصر دوتانی، بلوچستان عوامی انڈومنٹ فنڈ کی پروگرام ڈائریکٹر ثمینہ احسان، وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ، محکمہ خزانہ، محکمہ زکوۃ، بورڈ ممبران ڈاکٹر زاہد محمود، ڈاکٹر فیروز خان اچکزئی، ڈاکٹر شوکت بلوچ، فوکل پرسن ڈاکٹر آریا معصوم، اسسٹنٹ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ بولان میڈیکل کمپلیکس ہسپتال ڈاکٹر نادر بلوچ و دیگر نے شرکت کی۔

اجلاس میں کینسر، امراض قلب، یرقان، جگر کی پیوندکاری، تھیلیسیمیا، حادثاتی طور پر جھلس جانے والے نادار و مستحق افراد کی علاج و معالجہ کی مکمل مالی معاونت سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔

(جاری ہے)

اجلاس کو بتایا گیا کہ 22 ویں اجلاس میں 292 کیسز کی منظوری دی گئی اور ان میں 155 مریضوں کو علاج و معالجہ کی سہولت فراہم کی گئی جبکہ مزید 137 کیسز کو طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی جس پر کل لاگت 918.25 ملین لاگت آئے گی۔

اجلاس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے پارلیمانی سیکرٹری برائے سماجی بہبود حاجی ولی محمد نورزئی نے کہا کہ بلوچستان عوامی انڈومنٹ فنڈ صوبے کی عوام کی خدمت کیلئے قائم کیا گیا جس کے ذریعے غریب، نادار اور خصوصی افراد کو عصر حاضر سے ہم آہنگ بہترین طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان عوامی انڈومنٹ فنڈ کے 22 ویں بورڈ کے فیصلے کے مطابق بورڈ ممبرز میں سے ہی ڈاکٹرز کی ریفرل کمیٹی بنائی گئی جو ہر ماہ ایمرجنسی کیسز کی جانچ پڑتال کرکے مریضوں کی حالت کو مد نظر رکھ کر دیگر صوبوں کو ریفر کرتی ہے ،مریض کو ہسپتال کی جانب سے کم سے کم خرچ کو دیکھتے متعلقہ ہسپتال ریفر کیا جاتا ہے۔

بلوچستان عوامی انڈومنٹ فنڈ نے پینل پر موجود ہسپتالوں کا دورہ کیا اور مفاہمتی یادداشت کے تحت مزید شرائط لائی گئی، اب تک 372 مزید نئے کیسز جمع ہوئے ہیں جن پر 90 کروڑ 77 لاکھ 65 ہزار 792 لاگت آرہی ہے،ان کیسز میں 254 مریضوں کی بولان میڈیکل کمپلیکس ہسپتال اور سینار ہسپتال میں علاج کیلئے منظور کئے گئے ہیں، 118 کیسز کو ریفرل کمیٹی بھیجے گئے 92 کیسز کو پینل پر موجود ہسپتالوں کو بھیجے گئے جبکہ 26 کیسز بلوچستان عوامی انڈومنٹ فنڈ کے ذریعے بی ایم سی اور سینار ہسپتال میں علاج کیلئے بھیج دئیے گئے ہیں۔ بلوچستان عوامی انڈومنٹ فنڈ کے بورڈ نے 3 کیسز کو بین الصوبائی ہسپتالوں کو بھیجنے کی بھی منظوری دیدی۔