Live Updates

ڈپٹی کمشنر دْکی محمد نعیم خان کی زیر صدارت میونسپل کمیٹی کے دفتر میں عوامی مسائل کے حل کیلئے کھلی کچہری کا انعقاد

جمعرات 24 جولائی 2025 21:40

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جولائی2025ء) ڈپٹی کمشنر دْکی محمد نعیم خان کی زیر صدارت میونسپل کمیٹی کے دفتر میں عوامی مسائل کے حل کیلئے کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا۔اس موقع پر کمانڈر 87 ونگ محمد حنیف، ایس پی دْکی عاصم شفیع، اسسٹنٹ کمشنر دْکی ڈاکٹر عبدالسلام، ہیڈ آف لائن ڈیپارٹمنٹس، انجمن تاجران کے نمائندگان اور مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھرپور شرکت کی۔

کھلی کچہری میں شہریوں نے ضلعی انتظامیہ کے سامنے اپنے مختلف نوعیت کے مسائل پیش کیے جن میں امن و امان، سڑکوں کی خستہ حالی، صاف پانی کی فراہمی، سولر سسٹم، تعلیم، صحت، نالیوں کی صفائی، بجلی، بارش کے پانی کی نکاسی، سٹریٹ لائٹس کی تنصیب اور زمینوں کی سیٹلمنٹ کے مسائل شامل تھے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر دْکی نے بعض مسائل پر موقع پر ہی احکامات جاری کیے جبکہ دیگر معاملات کو متعلقہ محکموں کے ذریعے جلد از جلد حل کرنے کی یقین دہانی کروائی۔

انہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ عوامی فلاح کو اپنی اولین ترجیح بنائیں اور ان کے تمام مسائل کو سنجیدگی سے دیکھتے ہوئے موثر اقدامات کیے جائیں۔اپنے خطاب میں ڈپٹی کمشنر دْکی محمد نعیم خان نے کہاکہ ایسے مواقع عوام سے رابطے اور قربت کا بہترین ذریعہ ہوتے ہیں ، ہمارے دفاتر ہمہ وقت عوام کی خدمت کے لیے کھلے ہیں ، جو بھی شخص کسی مسئلے کا شکار ہو، وہ بلا جھجک ہمارے پاس رجوع کرے۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات