Live Updates

امریکا میں 43 فیصد ملازمین آمدنی میں اضافے کے باوجود مہنگائی کے ہاتھوں پریشان

جمعہ 25 جولائی 2025 10:20

سیکرامنٹو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جولائی2025ء) امریکا میں گزشتہ سال کے دوران 43 فیصد ملازمین کی آمدنی میں ہونے والا اضافہ مہنگائی میں اضافے کا مقابلہ کرنے میں عمومی طور پر ناکام رہا۔ شنہوا نے ایمپلائمنٹ ویب سائٹ انڈیڈ کی طرف سے جاری رپورٹ کے حوالے سے بتا یا ہے کہ جون 2025 کے دوران ملازمین کی آمدنی میں 2.9 فیصد اضافہ ہوا جو صارفین کے لئے قیمتوں کے حساس اشاریئے میں ہونے والے 2.7 فیصد اضافے سے کچھ ہی زیادہ ہے۔

ان اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ امریکا میں 43 فیصد ملازمین کی آمدنی مہنگائی میں ہونے والے اضافے سے کم رہی اور نتیجتاً ا ن کی قوت خرید کم ہو گئی۔ اعدادو شمار کے مطابق اگرچہ افراط زر کے مسئلہ سے نمٹنے کی صلاحیت رکھنے والے ملازمین کی تعداد میں معمولی اضافہ ہوا تاہم ان کی ایک بڑی تعداد کے لئے رہائش ، کھانے اور ٹرانسپورٹیشن کے اخراجات بڑھ گئے اور ان کی تنخواہوں میں ہونے والا اضافہ ان کے اخراجات میں ہونے والے اضافے سے کم رہا۔

(جاری ہے)

رپورٹ میں مزید بتا یا گیا ہے کہ الیکٹریکل انجینئرنگ ، قانونی خدمات اور مارکیٹنگ جیسے شعبوں میں اعلیٰ عہدوں پر کام کرنے والے ملازمین کی تنخواہوں میں سالانہ 6 فیصد کے حساب سے اضافہ ہوا جن کی تعداد نسبتاً کم ہے لیکن دوسری طرف فوڈ سروسز، بچوں کی نگہداشت اور ذاتی دیکھ بحال جیسے شعبوں میں کام کرنے والے ملازمین کی بڑی تعداد کی آمدن میں یا تو معمولی اضافہ ہوا یا ان کی آمدن پہلے سے بھی کم ہو گئی۔

اس صورتحال نے کم آمدنی والے ملازمین میں بے چینی پیدا کی ہے ۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ آمدنی میں کمی کی وجہ سےملازمین کی قوت خرید میں ہونے والی کمی امریکی معیشت کی شرح نمو کو متاثر کر سکتی ہے کیونکہ ملازمین کی قوت خرید امریکی معیشت کی نمو میں اہم ترین کردار ادا کرنے والے عوامل میں شامل ہے۔ امریکی معاشی اشاریوں میں بہتری ضرور آرہی ہے لیکن یہ اس قدر سست اور کم ہے کہ ملازمت پیشہ طبقہ میں آمدنی میں کمی کے بڑھتے مسائل سے بڑے پیمانے پر بے چینی پھیل رہی ہے۔امریکی لیبر مارکیٹ بظاہر مستحکم ہے لیکن اس کے استحکام کے ثمرات ایک بہت ہی محدود طبقہ تک پہنچ رہے ہیں اور ملازمین کی ایک بڑی تعداد کے معاشی مسائل میں اضافہ ہی ہو رہا ہے۔
Live مہنگائی کا طوفان سے متعلق تازہ ترین معلومات