ٹریفک کا بہاؤ منظم کیے بغیر محفوظ سفر کا خواب پورا نہیں ہو سکتا،روڈ سیفٹی ایک اجتماعی ذمہ داری ہے،ڈی پی اوخانیوال

جمعہ 25 جولائی 2025 13:42

خانیوال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جولائی2025ء) ڈی پی اوخانیوال اسماعیل کھاڑک کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈی ایس پی ٹریفک مظہر اسلام سمیت دیگر ٹریفک افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں روڈ سیفٹی کے مختلف پہلوؤں، شہری تعاون اور قوانین پر عملدرآمد کے امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ڈی پی او اسماعیل کھاڑک نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ٹریفک کا بہاؤ منظم کیے بغیر محفوظ سفر کا خواب پورا نہیں ہو سکتا،روڈ سیفٹی ایک اجتماعی ذمہ داری ہے اس سلسلہ میں ٹریفک پولیس کی جانب سے باقاعدہ مہم جاری ہے جس کا مقصد شہریوں میں ٹریفک نظم و ضبط کو فروغ دینا اور سڑکوں پر حادثات کی روک تھام کو یقینی بنانا ہے جس میں ہر شہری کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، یہ مہم محض ایک مہم نہیں بلکہ ایک مستقل شعور بیداری کی کوشش ہے جس کا مقصد انسانی جانوں کا تحفظ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہاکہ پنجاب حکومت کی واضح ہدایت کے مطابق بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل سواری، بسوں کی چھتوں پر بیٹھنے، گاڑیوں سے خطرناک انداز میں لٹکنے، اوورلوڈنگ، اوورڈائمینشن اور اوورچارجنگ پر مکمل پابندی عائد ہے ان خلاف ورزیوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ڈی پی او نے ٹریفک افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کہاکہ ٹریفک پولیس صرف قوانین کی نگران نہیں بلکہ عوام کی محافظ اور تربیت کا ذریعہ ہے آپ کی موجودگی شہریوں کے اعتماد اور سڑکوں پر نظم و ضبط کی علامت ہونی چاہیے، آپ کا کردار محض چالان کرنے تک محدود نہیں بلکہ شعور بیدار کرنا، مثال بننا اور قانون کی بالا دستی کو یقینی بنانا بھی آپ کی ذمہ داری ہے اس مہم کو صرف ایک روایتی کارروائی نہ سمجھا جائے بلکہ اسے ایک مشن کے طور پر لیا جائے۔

\378

متعلقہ عنوان :