ڈاکٹرربابہ خان بلیدی نے شرکت گاہ اوربول اْٹھوآرگنائزیشن کےزیرِاہتمام افرادِ باہم معذور فنکاروں کےتخلیق کردہ فن پاروں کی نمائش کاافتتا ح کیا

جمعہ 25 جولائی 2025 18:12

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جولائی2025ء) صوبائی مشیر ترقی نسواں ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے جمعہ کو "شرکت گاہ" اور "بول اْٹھو آرگنائزیشن" کے زیرِ اہتمام افرادِ باہم معذور اور ٹرانس جینڈر فنکاروں کے تخلیق کردہ فن پاروں کی نمائش کا افتتاح کیا ، نمائش میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔

ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے فن پارے دیکھے اور تخلیق کاروں کے ہنر اور جمالیاتی ذوق کو سراہا ۔انہوں نے کہا کہ اس طرح کی سرگرمیاں نہ صرف معذور افراد اور ٹرانس جینڈر برادری کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کا ذریعہ ہیں بلکہ معاشرے میں موثر شمولیت، یکجہتی اور قبولیت کے مثبت رجحانات کو بھی فروغ دیتی ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تخلیقی صلاحیتیں کسی صنف، عمر یا جسمانی حالت کی محتاج نہیں ہوتیں اور اس نمائش نے اس بات کو خوبصورتی سے ثابت کیا ہے صوبائی حکومت ایسے اقدامات کی بھرپور حوصلہ افزائی کرتی ہے جو معاشرتی ہم آہنگی اور بااختیار بنانے کے عمل کو مضبوط بناتے ہیں نمائش میں پینٹنگز، دستکاری، خطاطی اور دیگر فنونِ لطیفہ کے خوبصورت نمونے پیش کیے گئے جنہیں شرکاء نے بے حد سراہا، ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے منتظمین کو اس بامقصد تقریب کے انعقاد پر مبارکباد دی اور اس امید کا اظہار کیا کہ مستقبل میں بھی ایسے پروگرامز کے ذریعے محروم طبقات کو نمائندگی دی جاتی رہے گی۔

متعلقہ عنوان :