گوادر انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی (GIEDA) کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا 33واں اجلاس

جمعہ 25 جولائی 2025 19:06

گوادر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 جولائی2025ء) گوادر انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی (GIEDA) کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا 33واں اجلاس منعقد،پاک ایران بارڈر پر 500 ایکڑ اراضی پرترقیاتی کام شروع کردینے کا فیصلہ تفصیلات کے مطابق گوادر انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی (GIEDA) کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا 33واں اجلاس مورخہ 24 جولائی 2025 کو جیڈا میں منعقد ہوا۔

اجلاس کی صدارت سیکریٹری انڈسٹریز اینڈ کامرس ڈپارٹمنٹ بلوچستان محمد خالد سرپراہ نے کی۔اجلاس میں بورڈ کے دیگر معزز اراکین بشمول ایڈیشنل سیکریٹری قانون و پارلیمانی امور سید نصیر شاہ، ڈائریکٹر انڈسٹریز اینڈ کامرس محمد اقبال سرپراہ، اور ڈائریکٹر انڈسٹریل ڈیولپمنٹ آصف نواز کھوسہ نے شرکت کی۔ جبکہ جیڈا کی نمائندگی منیجنگ ڈائریکٹر سید اعجاز حیدر شاہ، ڈائریکٹر فنانس وقاص احمد لاسی اور جنرل منیجر محمد ندیم کھوسہ نے کی۔

(جاری ہے)

یہ اجلاس مالی سال 2025-2026 کا پہلا بورڈ اجلاس تھا، جس میں متعدد اہم ایجنڈا آئٹمز پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ اجلاس کے دوران مالی سال 2024-2025 کے آڈٹ شدہ بجٹ کی منظوری دی گئی، جبکہ مالی سال 2025-2026 کے بجٹ کی بھی توثیق کی گئی۔ سابقہ اجلاسوں میں کیے گئے فیصلوں پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا، جس پر بورڈ نے اطمینان کا اظہار کیا۔اجلاس میں جیڈا کی مجموعی کارکردگی کو مزید مثر بنانے سے متعلق کئی اہم امور پر گفتگو ہوئی۔

بورڈ نے جیڈا ملازمین کے لیے ایک جامع میڈیکل پالیسی کی تیاری کی ہدایت دی، جسے آئندہ اجلاس میں منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا۔علاوہ ازیں، گوادر انڈسٹریل اسٹیٹ (GIE) میں اسپیشل ٹیکنالوجی زون کے قیام پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ اس ضمن میں فیصلہ کیا گیا کہ دلچسپی رکھنے والی کمپنیوں سے تجاویز طلب کی جائیں گی، جن کا جائزہ آئندہ اجلاس میں لیا جائے گااجلاس میں آڈٹ سے متعلق امور بھی زیرِ بحث آئے، جن کے نتیجے میں بورڈ نے جیڈا کے مالی معاملات کے آڈٹ کے لیے ایک معتبر چارٹرڈ اکانٹنٹ فرم کی خدمات حاصل کرنے کی منظوری دی۔

مزید برآں، اجلاس میں جیڈا کے نئے مونوگرام کو بھی باقاعدہ طور پر منظور کر لیا گیا۔بورڈ نے انڈسٹریل اسٹیٹ گبد میں ترقیاتی منصوبوں کی منظوری بھی دی، جو پاک-ایران سرحد کے قریب واقع ہے۔ ان منصوبوں کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ماڈل PPP کے تحت آگے بڑھایا جائے گا۔ جیڈا کو ہدایت دی گئی کہ منصوبے کے لیے تمام ضروری قانونی و تکنیکی دستاویزات جلد از جلد مکمل کی جائیں۔گبد انڈسٹریل اسٹیٹ سے متعلق منسلکات، نقشہ جات اور ترقیاتی پلاننگ پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ گبد میں موجود 1500 ایکڑ اراضی میں سے ابتدائی طور پر 500 ایکڑ پر ترقیاتی کام کا آغاز کیا جائے گا تاکہ پاک ایران سرحدی تجارت کو فروغ دیا جا سکے۔