ضلعی انتظامیہ پشاور کا باچا خان چوک اور جناح پارک روڈ پر تجاوزات کے خلاف کارروائی، تجاوزات مسمار

جمعہ 25 جولائی 2025 20:30

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جولائی2025ء) صوبائی حکومت کے احکامات کی روشنی میں ضلعی انتظامیہ پشاور نے باچا خان چوک اور جناح پارک روڈ پر تجاوزات کے خلاف آپریشن کرتے ہوئے تجاوزات کا خاتمہ کر دیا۔ اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر پشاور سرمد سلیم اکرم کی ہدایت پر انتظامی افسران نے باچا خان چوک اور جناح پارک روڈ پر تجاوزات کے خلاف آپریشن کا آغاز کیا۔

اس موقع پر کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچنے کے لیے پولیس کی بھاری نفری کو تعینات کیا گیا تھا۔ آپریشن کے دوران تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات کو مشینری کی مدد سے مسمار کر دیا گیا۔ تجاوزات کے باعث شہریوں کو درپیش مشکلات اور ٹریفک کی روانی میں خلل کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ پشاور نے سخت کارروائی عمل میں لائی۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر پشاور کے مطابق عوامی راستوں پر قبضہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا،شہریوں کی سہولت اور ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ پشاور بلا امتیاز کارروائیاں جاری رکھے گی۔

انہوں نے دکانداروں کو متنبہ کیا کہ وہ خود ساختہ تجاوزات سے باز رہیں، بصورت دیگر مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ضلعی انتظامیہ پشاور شہریوں سے بھی اپیل کرتی ہے کہ وہ تجاوزات کے خاتمے میں تعاون کریں اور کسی بھی غیر قانونی قبضے کی صورت میں متعلقہ حکام کو آگاہ کریں تاکہ فوری کارروائی کی جا سکے۔