ژوب جدید تعلیم کے مرکز کے طور پر چمکے گا ،گورنر بلوچستان کی طلباء کے وفد سے بات چیت

جمعہ 25 جولائی 2025 22:20

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جولائی2025ء) گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ ہم ژوب ڈویژن کی سطح پر ایک شاندار تعلیمی سیمینار کا خیرمقدم کرینگے جو کہ ژوب کو جدید تعلیم کا مرکز بنانے کی ہماری طویل جدوجہد میں ایک سنگ میل ہوگا۔ہمارا پہلا قدم یہ ہے کہ ہم ژوب بیوٹمز یونیورسٹی کیمپس ،تمام بوائز اور گرلز کالجوں کے سربراہان کے ساتھ مکمل مشاورت کریں ،ژوب کو تعلیمی مرکز بنانے اور اس خواب کو حقیقت میں بدلنے کیلئے ہر ذی شعور شخص مکمل تعاون کرے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج کے طلبا ءکے وفدسے بات چیت کرتے ہوئے کیا جنہوں نے گورنر ہاؤس کوئٹہ میں ان سے ملاقات کی ، پرنسپل کالج بھی اس موقع پر موجود تھے ، گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ ہمارا مستقبل روشن ہے اور وہ دن دور نہیں جب ژوب جدید تعلیم کے مرکز کے طور پر چمکے گا اور ہمارے باصلاحیت نوجوانوں کو نئے مواقع سے فائدہ اٹھانے اور عالمی سطح پر اپنی پہچان بنانے کیلئے بااختیار بنائیگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے میری خواہش ہے کہ ژوب کا ہر طالب علم جدید مہارت اور معیاری تعلیم کے زیورات سے آراستہ ہو، تعلیمی کامیابیوں سے بھرے مستقبل کیلئے تعاون، عزم اور معاشرتی یکجہتی کے جذ بہ کو پروان چڑھائے۔ گورنر نے ژو ب کے انتظامی حکام اور ماہرین تعلیم پر زور دیا کہ وہ اپنے حصے کا کردار ادا کریں اورنوجوانوں کیلئے نئی بلندیوں کی راہ ہموار کریں۔

پرنسپل ژوب ڈگری کالج نے گورنر بلوچستان کو کالج کی سطح پر درپیش مسائل سے آگاہ کیا جن میں نئی کلاس رومز کی تعمیر، سولر سسٹم کی فراہمی، اسپورٹس کی ضروری سہولیات اور لیپ ٹاپس کے مطالبات شامل تھے،گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے ان کے مسائل کو غور اور توجہ سے سنا اور کہا کہ ایک عوامی خدمتگار کی حیثیت سے لوگوں کے حقوق اور اختیارات کی پاسداری کیلئے کوششیں کرتا آ رہا ہوں اور آئندہ بھی تعلیم، صحت اور دیگر ضروری سہولیات کو ان کی دہلیز پر پہنچانے کی کوشش کرتا رہوں گا۔