کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان کی زیر صدارت اجلاس، ستھرا پنجاب کے تحت ناقص کارکردگی والے ٹھیکیداروں کو شو کاز نوٹسز جاری کرنے، مانیٹرنگ افسران کی برطرفی کی سفارش

اتوار 27 جولائی 2025 12:20

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جولائی2025ء) کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان کی زیر صدارت اجلاس میں ڈپٹی کمشنرز نے ستھراء پنجاب کے تحت سرگرمیوں پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے ناقص کارکردگی کے حامل ٹھیکیداروں کو شو کاز نوٹس جاری کرنے اور غیر فعال مانیٹرنگ افسران کو برطرف کرنے کی سفارش کی۔کمشنر کی ہدایت پر سی ای او ایس ڈبلیو ایم سی نے ڈویژن کی چار تحصیلوں کے ٹھیکیداروں کو شو کاز نوٹس جاری کرنے کا حکم دیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ صفائی امور میں اب کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی۔ شہری و دیہی علاقوں میں یکساں معیار قائم رکھا جائے گا اور ورکرز کے اوقات کار ختم کر دیے گئے ہیں۔کمشنر نے کہا کہ ستھرا پنجاب حکومت کا فلیگ شپ منصوبہ ہے، شہریوں کی توقعات پر کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں ہوگی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے ڈپٹی کمشنرز اوراسسٹنٹ کمشنرزکو روزانہ کی سرگرمیوں کی باریک بینی سے نگرانی کرنے اور غیر تسلی بخش کارکردگی پر سخت اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ کمپنی کے مانیٹرنگ افسران کو موٹر سائیکلز اور جی پی آر موبائل سمز دی جا رہی ہیں تاکہ ان کی مانیٹرنگ بھی مانیٹر ہو سکے۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنرز نے کمشنر کو سیلاب کی تازہ صورتحال ، چینی کی مقررہ قیمت پر عمل درآمد اور خلاف ورزیوں پر ایکشن کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ کمشنر نے کہا کہ پی ڈی ایم اے کی پیش گوئی کے مطابق آئندہ ہفتے مون سون کا پانچواں سپیل شدید نوعیت کا ہوسکتا ہے، اس لیے تمام انتظامات پیشگی مکمل کیے جائیں۔

کمشنر نے معرکہ حق اور جشن آزادی تقریبات کو شایان شان انداز میں منانے اور 5 اگست یوم استحصال کشمیر کی بھرپور تیاری کی ہدایت کی۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر سرگودہا کیپٹن (ر) محمد وسیم، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ بلال حسن، سی ای او ایس ڈبلیو ایم سی رانا شاہد عمران سمیت ڈپٹی کمشنر خوشاب فروا عامر، ڈپٹی کمشنرمیانوالی خالد گورائیہ اور ڈپٹی کمشنر بھکر محمد اشرف نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔