چار ماہ کے دوران سائبر کرائم کے فراڈ میں ملوث 690 افراد گرفتار

غیر ملکی کال سینٹرز کی آڑ میں سائبر جرائم میں ملوث افراد سے کروڑوں روپے برآمد کیے گئے

اتوار 27 جولائی 2025 14:00

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جولائی2025ء)نیشنل سائبر کرائم ایجنسی نے 4 ماہ کے دوران مالیاتی فراڈ، بلیک میلنگ، ہراسانی اور ہیکنگ جیسے سائبر کرائم میں ملوث 690 افراد کو گرفتار کر لیا۔تفصیلات کے مطابق نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA)، جس کا قیام 4 اپریل 2025 کو عمل میں آیا، ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز عثمان خان کے مطابق اپریل تا جولائی 2025 کے دوران 50ہزار563 سائبر کرائم شکایات موصول ہوئیں اور موصول ہونے والی شکایات میں مالیاتی فراڈ، بلیک میلنگ، ہراسانی اور ہیکنگ سر فہرست رہیں۔

(جاری ہے)

ان میں سے 7ہزار247 شکایات پر تحقیقات کا باقاعدہ آغاز کیا گیا اور تحقیقات کے بعد 457 کیسز میں ایف آئی آرز درج ہوئیں، شکایات پر مزید کارروائی کرتے ہوئے 690 افراد کو گرفتار کیا گیا جبکہ اس دوران عدالتوں سے 22 مقدمات میں سزائیں سنائی گئیں۔ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز کے مطابق آپریشن گرے کے تحت غیر ملکی عناصر کے خلاف بھی بھرپور کارروائیاں کی گئیں، جو غیر ملکی کال سینٹرز کی آڑ میں سائبر جرائم میں ملوث تھے۔ ان کارروائیوں کے دوران کروڑوں روپے کی ریکوریاں عمل میں لائی گئیں ہیں۔انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ سائبر جرائم کی فوری اطلاع متعلقہ سرکل یا ہیلپ لائن پر دیں تاکہ بروقت کارروائی ممکن بنائی جا سکے۔

متعلقہ عنوان :