کراچی، قائدآباد میں پولیس اور اسٹریٹ کرمنلز کے درمیان فائرنگ، ایک ملزم زخمی، ساتھی فرار

اتوار 27 جولائی 2025 14:20

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جولائی2025ء)شہر قائد میں قائدآباد کے علاقے میں گشت پر مامور پولیس اہلکاروں اور اسٹریٹ کرمنلز کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملزم زخمی ہوگیا جبکہ اس کا ساتھی موقعے سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔پولیس کے مطابق مشتبہ موٹرسائیکل سواروں نے پولیس کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کر دی، جس پر پولیس نے بھی فوری طور پر جوابی کارروائی کی۔

(جاری ہے)

فائرنگ کے نتیجے میں ایک ملزم زخمی ہو گیا جس کی شناخت میر علی کے نام سے کی گئی ہے۔پولیس حکام کے مطابق گرفتار زخمی ملزم کے قبضے سے ایک پستول، موبائل فون اور نقد رقم برآمد کر لی گئی ہے۔ زخمی ملزم کو ابتدائی طبی امداد کے لیے فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔قائدآباد پولیس کے مطابق ملزم میر علی کے مجرمانہ ریکارڈ کی جانچ پڑتال جاری ہے جبکہ فرار ہونے والے ساتھی کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔