ڈسکہ میں دھان کی فصل پر جراثیمی جھلساؤ کا حملہ مشاہدے میں آیا ہے،ڈاکٹر مقصود احمد

اتوار 27 جولائی 2025 14:50

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جولائی2025ء) سیالکوٹ کی تحصیل ڈسکہ کے نواحی علاقے مترانوالی میں دھان کی فصل پر جراثیمی جھلساؤ کی بیماری کا حملہ سامنے آیا ہےجسے ساڑو بھی کہا جاتا ہے جو خاص طور پر دھان کی مشہور قسم سپر فائن پر دیکھا گیا ہے۔ڈائریکٹرپیسٹ وارننگ و کوالٹی کنٹرول آف پیسٹی سائیڈزمحکمہ زراعت (پلانٹ پروٹیکشن)سیالکوٹ ڈاکٹر مقصود احمد نے اے پی پی کو بتایا کہ یہ بیماری گزشتہ سال بھی فصل پر کئی مرتبہ حملہ آور ہوئی تھی اور اس سال بھی اس کی شدت میں اضافے کا خدشہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت ضرورت اس امر کی ہے کہ کاشتکار اپنی فصل کا باقاعدگی سے معائنہ کریں اور بیماری کی ابتدائی علامات ظاہر ہوتے ہی فوری ایکشن لیں۔انہوں نے کہاکہ جراثیمی جھلساؤ ایک سنگین بیماری ہے جو دھان کے پتوں کو متاثر کر کے پیداوار میں واضح کمی کا باعث بن سکتی ہے۔

(جاری ہے)

اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو اس کے اثرات بڑے پیمانے پر محسوس کیے جا سکتے ہیں۔

ڈاکٹر مقصود احمد نے سفارش کی کہ متاثرہ کھیتوں میں مناسب جراثیم کش ادویات کا استعمال کیا جائے، جن میں کاپر آکسی کلورائیڈ، کاپر ہائیڈرو آکسائیڈ + کاسوگا مائسین اور ویلیڈامائیسن + ایپوکسی کونازول شامل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ زہر یں فصل کو بیماری سے بچانے میں مؤثر ثابت ہو رہی ہیں، بشرطیکہ انہیں صحیح وقت پر اور درست مقدار میں استعمال کیا جائے۔

انہوں نے پیسٹی سائیڈز ڈیلرز سے بھی اپیل کی کہ وہ کاشتکاروں کو مستند مشورے دیں اور صرف وہی زہریں تجویز کریں جو محکمہ زراعت سے منظور شدہ ہوں اور کم پی ایچ آئی رکھتی ہوں، تاکہ فصل اور کاشتکار دونوں محفوظ رہیں۔ڈاکٹر مقصود احمد نے کہاکہ کاشتکار، زرعی ماہرین اور ڈیلرز کو مل کر کام کرنا ہوگا تاکہ ہم اس بیماری کا بروقت تدارک کر سکیں اور کسانوں کی محنت کو ضائع ہونے سے بچایا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :