تھائی لینڈ،صرف شراب پی کر زندہ رہنے والا شخص چل بسا

متوفی شدید جذباتی صدمے سے دوچار تھا، جو اسے اپنی بیوی سے علیحدگی کے بعد لاحق ہوا،اہلخانہ

اتوار 27 جولائی 2025 15:50

بنکاک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جولائی2025ء)تھائی لینڈ میں طلاق کے صدمے میں صرف بیئر پر زندہ رہنے والا شخص زندگی کی بازی ہار گیا۔میڈیارپورٹس کے مطابق44سالہ شخص تھاوے سک نام وونگسا اپنے بیڈ روم میں مردہ حالت میں پایا گیا، جو مبینہ طور پر گزشتہ ایک ماہ سے صرف بیئر پر گزارا کر رہا تھا، اہل خانہ کے مطابق وہ شدید جذباتی صدمے سے دوچار تھا، جو اسے اپنی بیوی سے علیحدگی کے بعد لاحق ہوا۔

(جاری ہے)

تھاوے سک کے 16 سالہ بیٹے نے والد کو بے ہوش پایا اور فورا سیام رایونگ فانڈیشن کے ریسکیو ورکرز کو اطلاع دی، مگر امدادی ٹیم کی آمد تک وہ دم توڑ چکا تھا۔پولیس کے مطابق لڑکا روزانہ اپنے والد کو کھانا دینے کی کوشش کرتا رہا، لیکن وہ مسلسل انکار کرتا رہا اور صرف شراب نوشی کرتا رہا، کمرے سے 100 سے زائد خالی بیئر کی بوتلیں برآمد ہوئیں، جنہیں اس انداز سے ترتیب دیا گیا تھا کہ صرف ایک تنگ راستہ بستر تک جانے کے لیے باقی چھوڑا گیا تھا۔پولیس نے بتایا کہ موت کی اصل وجہ جاننے کے لیے پوسٹ مارٹم کیا جائے گا، تاہم ابتدائی شواہد کی بنیاد پر شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ انتہائی زیادہ مقدار میں شراب نوشی موت کی وجہ ہو سکتی ہے۔