سندھ زرعی یونیورسٹی ٹنڈو جام سنڈیکیٹ اجلاس، اہم تعلیمی و مالیاتی فیصلوں کی منظوری

اتوار 27 جولائی 2025 18:00

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جولائی2025ء) وائس چانسلر سندھ زرعی یونیورسٹی ٹنڈو جام پروفیسر ڈاکٹر الطاف علی سیال کی صدارت سنڈیکیٹ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں جامعہ سے متعلق اہم تعلیمی، مالیاتی اور انتظامی فیصلوں کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں 117ویں سنڈیکیٹ اجلاس کی کارروائی اور اس پر عملدرآمد کی توثیق کی گئی جبکہ سالانہ مالی حسابات، 2024-25کے نظرثانی شدہ بجٹ اور 2025-26کے تخمینہ بجٹ کی منظوری دی گئی۔

حکومت سندھ کی ہدایات کے مطابق ایڈہاک ریلیف الاؤنس اور پنشن میں اضافے سمیت تھرڈ پارٹی آڈٹ رپورٹ کی بھی منظوری دی گئی۔ سنڈیکیٹ نے یومیہ اجرت پر کام کرنے والے ملازمین کی کم از کم تنخواہ میں اضافہ، امپریسٹ فنڈز میں اضافے اور تدریسی و انتظامی امور میں بہتری کے لیے اقدامات کی منظوری دی۔

(جاری ہے)

شعبہ پولٹری ہسبینڈری کا نام تبدیل کر کے "شعبہ پولٹری سائنس" رکھنے، فارغ التحصیل طلبہ کی فہرستوں کی منظوری اور سلیکشن بورڈ و ڈسپلن کمیٹی میں نامزدگیاں بھی شامل تھیں۔

اجلاس کے اختتام پر وائس چانسلر نے اراکین کے فعال کردار اور تعاون کو سراہا۔ اجلاس میں ایم پی اے امداد علی پتافی، ڈاکٹر اے کیو مغل، ڈاکٹر عبدالقدیر راجپوت، ڈاکٹر اربیلا بھٹو، پرو وائس چانسلر عمرکوٹ، رجسٹرار، ڈائریکٹر فنانس سمیت دیگر ارکان شریک ہوئے۔

متعلقہ عنوان :