سیدنا امام حسین کا اخلاق و کردار امتِ مسلمہ کیلئے مشعلِ راہ ہے،علامہ ڈاکٹرمحمدراغب حسین نعیمی

اتوار 27 جولائی 2025 18:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جولائی2025ء) اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین علامہ ڈاکٹرمحمدراغب حسین نعیمی نے کہاہے کہ نفرت انگیز بیانیہ معاشرے کیلئے زہر قاتل ہے،نفرت انگیز بیانات دینے والوں کیخلاف قانونی کارروائی کی جائے ،علماء اپنے خطابات والفاظ میں نرمی، برداشت اور ذمہ داری اختیار کریں ، بحیثیت قوم ہمیں ایک دوسرے کے نظریات،مسالک اور سوچ کا احترام کرتے ہوئے محبت، امن اور اتحاد کو اپنا شعار بنانا ہوگا۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے جامع مسجد کرم دین گڑھی شاہومیں منعقدہ سالانہ پیغام حسین کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔علامہ ڈاکٹرمحمدراغب حسین نعیمی نے کہا کہ سیدنا امام حسین کی سیرت ہمیں یہ سبق دیتی ہے کہ وقتی فائدہ کے لیے اصول قربان نہیں کیئے جاتے،امام حسین نے ہمیں یہ سکھایا کہ باطل کے آگے سر نہیں جھکایا جاتا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ آج بھی اگر ہم کربلا کے پیغام کو سمجھ لیں تو معاشرے سے ظلم، کرپشن اور ناانصافی کا خاتمہ ہو سکتا ہے ، واقعہ کربلا ہمیں صبر، برداشت، عزم، قربانی اور استقامت کا درس دیتا ہے ،نوجوان نسل کو سیرت امام حسین پڑھانی چاہیے،سیدنا امام حسین کا اخلاق و کردار امتِ مسلمہ کے لیے مشعلِ راہ ہے ،امام حسین کی زندگی عدل، تقوی، علم، حلم، سخاوت، رحم دلی اور بردباری سے بھری ہوئی تھی۔

علامہ ڈاکٹرمحمدراغب حسین نعیمی نے کہا کہ ہم امام حسین کی قربانی، ایثار، صبر وتقوی کی تعلیمات کو اپنا کر ایک پرامن، متحد اور انصاف پر مبنی معاشرہ تشکیل دے سکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :