وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان کا نلتر 16میگاواٹ پاور پروجیکٹ کے زیر تعمیر منصوبے کا دورہ

اتوار 27 جولائی 2025 19:30

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جولائی2025ء) وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے نلتر 16میگاواٹ پاور پروجیکٹ کے زیر تعمیر منصوبے کا دورہ کیا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے منصوبے پر جاری کام پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے صوبائی سیکریٹری برقیات اور پروجیکٹ ڈائریکٹر کو ہدایت کی کہ زیر تعمیر منصوبے کی رفتار کو مزید تیز کیا جائے جس کیلئے تین شفٹوں میں کام کرنے کے انتظامات کئے جائیں۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ نے کہاکہ نلتر 16 میگاواٹ پاور پروجیکٹ انتہائی اہمیت کا حامل منصوبہ ہے، سابقہ حکومتوں نے اس منصوبے پر توجہ نہیں دی، ہماری حکومت نے اس منصوبے کی تعمیر پر پہلے دن سے توجہ دی جس کی وجہ سے آج یہ اہم منصوبہ تکمیل کے آخری مراحل میں ہے۔ وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر صوبائی سیکریٹری برقیات کو ہدایت کی کہ یکم اکتوبر تک اس اہم منصوبے کی تکمیل کو یقینی بنایا جائے اور بجلی کی ترسیل شروع کی جائے۔ اس موقع پر صوبائی سیکریٹری برقیات اور پروجیکٹ ڈائریکٹر نے منصوبے پر جاری کام کے رفتار اور معیار کے حوالے سے وزیر اعلیٰ کو تفصیلی بریفنگ دی اور یقین دہانی کروایا کہ کام کو تین شفٹوں میں تقسیم کرکے جلداز جلد مکمل کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :