شادی سے انکار کرنے پر خاتون بلیک میل کر رہی ہے، پاکستان ائیرفورس کے پائلٹ نے تھانے میں خاتون کیخلاف مقدمہ درج کروا دیا

خاتون سے ملاقات کے دوران یہ انکشاف ہوا کہ اس کا اصل نام ’الف‘ ہے اور وہ سوشل میڈیا پر جعلی اکاؤنٹ چلا رہی تھی، پائلٹ نے پولیس سے درخواست کی کہ وہ خاتون کے خلاف کارروائی کرے اور اسے بلیک میلنگ سے بچایا جائے

Faisal Alvi فیصل علوی پیر 28 جولائی 2025 10:40

شادی سے انکار کرنے پر خاتون بلیک میل کر رہی ہے، پاکستان ائیرفورس کے ..
میانوالی(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28جولائی 2025)شادی سے انکار کرنے پر خاتون بلیک میل کر رہی ہے، پاکستان ائیرفورس کے پائلٹ نے تھانے میں خاتون کیخلاف مقدمہ درج کروادیا، پائلٹ نے پولیس سے درخواست کی کہ وہ خاتون کے خلاف کارروائی کرے اور اسے بلیک میلنگ سے بچایا جائے، پائلٹ نے خاتون ’الف‘ کے خلاف ایف آئی آر نمبر 232/25 درج کروائی ہے۔ڈان نیوز کے مطابق مقدمے میں پاکستان پینل کوڈ (پی پی سی) کی دفعات 419، 420، 500، 506، 211 اور ٹیلی گراف ایکٹ 1985 کی دفعہ 25-ڈی شامل کی گئیں ہیں۔

پاکستانی پائلٹ ایم ایم عالم پی اے ایف میانوالی ایئربیس پر تعینات ہے جبکہ خاتون کا تعلق چاہ حمیدوالا، گدائی شمالی، تحصیل ڈیرہ غازی خان سے ہے۔ پائلٹ نے میانوالی صدر پولیس کے پاس درج کروائے گئے مقدمے میں الزام لگایا ہے کہ شادی سے انکار کرنے پر خاتون اسے بلیک میل کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

مدعی کا کہنا ہے کہ جب وہ میانوالی بیس پر تعینات تھا تو اس کا سوشل میڈیا پر ایک خاتون سے رابطہ ہواجس نے خود کو ملتان کی مس رافعہ کے طور پر متعارف کروایا۔

پائلٹ کے مطابق خاتون نے اسے ملتان بلایا جہاں ان کی 24 اپریل 2025 کو ملاقات ہوئی تاہم اس ملاقات میں یہ انکشاف ہوا کہ اس خاتون کا اصل نام ’الف‘ ہے اور وہ سوشل میڈیا پر جعلی اکاؤنٹ چلا رہی تھی۔پائلٹ کے مطابق سوشل میڈیا پر بات چیت کے دوران خاتون نے دعویٰ کیا کہ وہ ایک تکلیف دہ زندگی گزار رہی ہے اور اس نے اس سے شادی کی خواہش ظاہر کی۔مدعی کے مطابق خاتون کے روئیے نے اسے مشکوک کر دیا اور اس نے اس سے رابطہ منقطع کر دیا انہوں نے الزام لگایا کہ اس کے انکار کے بعد ’الف‘ نے اسے بار بار فون کالز کیں اور دھمکیاں دیں کہ اگر اس نے شادی سے انکار کیا تو وہ اسے سنگین نتائج بھگتنے پر مجبور کرے گی۔

پائلٹ نے دعویٰ کیا کہ خاتون نے اسے ایک ’جھوٹے‘ ریپ کیس میں پھنسانے کی دھمکی بھی دی۔پائلٹ کامزید یہ بھی کہناتھاکہ اسے پتہ چلا ہے کہ ’الف‘ عادی بلیک میلر ہے اور اس نے پہلے بھی 2021 میں ویمن پولیس اسٹیشن ملتان میں دفعہ 376 کے تحت ایک جھوٹا زیادتی کا مقدمہ نمبر 30/21 درج کروا رکھا ہے۔