سعودی وزٹ ویزہ کی میعاد ختم ہونے پر رعایتی مدت میں توسیع کا آغاز

اس اقدام کا مقصد ان افراد کے لیے حتمی روانگی کی سہولت فراہم کرنا ہے جن کے وزٹ ویزے کی میعاد ختم ہوگئی

Sajid Ali ساجد علی پیر 28 جولائی 2025 11:07

سعودی وزٹ ویزہ کی میعاد ختم ہونے پر رعایتی مدت میں توسیع کا آغاز
ریاض ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28 جولائی 2025ء ) سعودی عرب نے وزٹ ویزہ کی میعاد ختم ہونے والوں کے لیے رعایتی مدت میں 30 دن کی توسیع دینا شروع کردی ہے، یہ اقدام پہلی بار جون میں ہجری نئے سال 1447 کے آغاز کے موقع پر متعارف کرایا گیا تھا۔ عرب میڈیا کے مطابق سعودی عرب نے ایک رعایتی مدت میں توسیع کر دی ہے جس کا اعلان اس نے جون میں کیا تھا تاکہ معیاد ختم ہونے والے وزٹ ویزوں کے حامل افراد کو قانونی طور پر ملک چھوڑنے کی اجازت دی جائے، مملکت کے جنرل ڈائریکٹوریٹ آف پاسپورٹ کا کہنا ہے کہ توسیع جو 30 دنوں کے لیے دستیاب ہوگی یہ 1/2/1447 ہجری یعنی 26 جولائی 2025ء سے شروع ہوچکی ہے۔

بتایا گیا ہے کہ اس اقدام کا مقصد ان افراد کے لیے حتمی روانگی کی سہولت فراہم کرنا ہے جن کے وزٹ ویزے کی میعاد ختم ہو چکی ہے، یہ اقدام پہلی بار گزشتہ ماہ ہجری نئے سال کے آغاز کے موقع پر متعارف کرایا گیا تھا جس سے فائدہ اٹھانے کے لیے درخواست دہندگان کو پہلے کوئی بھی قابل اطلاق فیس اور جرمانے ادا کرنا ہوں گے جیسا کہ موجودہ ضوابط کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے ڈائریکٹوریٹ نے مزید وضاحت کی ہے کہ اہل افراد وزارت داخلہ کے "ابشر" الیکٹرانک سروسز پلیٹ فارم پر توسل سروس کے ذریعے درخواست جمع کرکے اس اقدام سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں، تاہم اس کے ساتھ ہی سعودی حکام نے تمام متاثرہ وزٹ ویزہ ہولڈرز پر زور دیا کہ وہ مخصوص مدت کے لیے شروع دی جانے والی اس سہولت سے مقررہ مدت کے اندر اندر فائدہ اٹھالیں۔