وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن صحت مند پنجاب کے لئے عملی اقدامات جاری

پیر 28 جولائی 2025 17:08

وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن صحت مند پنجاب کے لئے عملی اقدامات ..
ننکانہ صاحب(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جولائی2025ء)وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن صحت مند پنجاب کے لئے عملی اقدامات جاری۔ ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راو کا ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کا تفصیلی دورہ ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل شاہد کھوکھر سمیت دیگر افسران بھی ہمراہ تھے۔ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راو نے ہسپتال میں مریضوں کو فراہم کی جانے والی صحت کی سہولیات ، صفائی کی مجموعی صورتحال ،موجود ادویات کے چارٹ، سٹاف کی حاضری اور مریضوں کی خیریت دریافت کی۔

انہوں نے لواحقین سے ادویات کی فراہمی اور دیگر سہولیات کے حوالے سے بھی استفسار کیا۔ڈپٹی کمشنر نے آئی سی یو ، سرجیکل وارڈ ، پیڈز وارڈ سمیت مختلف وارڈز کا معائنہ کیا۔ انہوں نے میڈیسن سٹور، لیبارٹری، فارمیسی، آکسیجن سلنڈر سٹور کا بھی جائزہ لیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ہسپتال انتظامیہ نے ہسپتال کی انتظامی، طبی اور فلاحی سرگرمیوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ویڑن کے مطابق عوام الناس کو بہترین اور مفت طبی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔حکومت پنجاب عوام الناس کو صحت کی بہترین فراہمی کے اربوں روپے کی خطیر رقم خرچ کر رہی ہے اور آئے روز نئے ہسپتال بھی قائم کر رہی ہے۔