امریکا چینی طلبہ اور سکالرز کو نشانہ بنانا بند کرے، چین

پیر 28 جولائی 2025 17:31

بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 جولائی2025ء) چین نے امریکا پر زور دیا ہے کہ وہ چینی طلبہ اور سکالرز کے خلاف سیاسی انتقام پر مبنی اور امتیازی قانونی کارروائیاں بند کرے اور تعلیمی تبادلوں کے لیے سازگار اور منصفانہ ماحول کو فروغ دے۔ شنہوا کے مطابق یہ بات چینی وزارت خارجہ کے ترجمان گو جیاکون نے پیر کو نیوز بریفنگ کے دوران ایک اور چینی سکالر کو امریکی قانون نافذ کرنے والے حکام کی جانب سے بلاجواز حراست میں لئے جانے سے متعلق ایک سوال کے جواب میں کہی۔

انہوں نے کہا کہ کچھ عرصے سے امریکا قومی سلامتی کے تصور کو بڑھاوا دے رہا ہے، بار بار ہراساں کر رہا ہے، پوچھ گچھ کر رہا ہے اور یہاں تک کہ بے بنیاد الزامات کے تحت متعدد چینی طلبہ اور سکالرز کو گرفتار کر کے مقدمہ چلا رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ امریکا نے چینی طلبہ اور سکالرز کے جائز حقوق اور مفادات کو بری طرح مجروح کیا ہے، چین اور امریکا کے درمیان لوگوں کے تبادلے خاص طور پر تعلیمی تعاون میں خصوصی طور پر خلل ڈالا ہے اور اس کے نتیجے میں امریکا کے اپنے تاثر اور بین الاقوامی ساکھ کو نقصان پہنچا ہے۔

چین نے امریکا پر زور دیا کہ وہ جرم سے متعلق قیاس آرائیوں اور سیاسی ہیرا پھیری میں ملوث ہونے سے باز رہے۔ چینی ترجمان نے امریکا سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنے اقدامات واپس لیتے ہوئے چینی طلبہ کو ملک میں تعلیم حاصل کرنے کے لیے حقیقی طور پر خوش آمدید کہے۔ ترجمان نے کہا کہ چین بیرون ملک چینی طلبہ اور سکالرز کے قانونی حقوق اور مفادات کا پوری طرح سے تحفظ کرے گا اور امریکا میں تعلیم حاصل کرنے والے چینی شہریوں کو ممکنہ خطرات کے بارے میں چوکنا رہنے کی یاد دہانی کرائے گا۔

متعلقہ عنوان :