ابوظہبی چیمبر آف کامرس کی رکنیت میں 4.9 فیصد اضافہ

پیر 28 جولائی 2025 17:57

ابوظہبی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 جولائی2025ء) ابوظہبی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ADCCI) کی رکنیت میں 2025 کی پہلی ششماہی کے دوران 4.9 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ۔امارات نیوز ایجنسی وام کے مطابق اس مدت کے دوران چیمبر کے ممبران کی مجموعی تعداد 1 لاکھ 58 ہزار سے تجاوز کر گئی۔ ماہرین کے مطابق یہ اضافہ نہ صرف ابوظہبی کی کاروباری فضا کی مضبوطی کو ظاہر کرتا ہے، بلکہ یہ بھی ثابت کرتا ہے کہ عالمی اقتصادی چیلنجز کے باوجود امارات نے کاروبار دوست ماحول کو برقرار رکھا ہے۔

چیمبر کا کہنا ہے کہ یہ اضافہ دراصل چیمبر کے اُس مؤثر کردار کا مظہر ہے جو وہ نجی شعبے کی ترقی، پائیدار معیشت کے فروغ اور نئے مواقع کی تلاش کے لیے ادا کر رہا ہے۔اعداد و شمار کے مطابق زراعت ، جنگلات اور ماہی پروری کےشعبے 21 فیصد اضافے کے ساتھ چیمبر کی رکنیت حاصل کرنے کے حوالے سے سرفہرست رہے، جب کہ آرٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق اداروں کی طرف سے چیمبر کی رکنیت کے حصول میں 13 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا۔

(جاری ہے)

انفارمیشن ٹیکنالوجی، سائنسی اور تکنیکی سرگرمیوں نے بھی 10 فیصد کی شرح سے ترقی کی، جو ابوظہبی کی جدت پسندی اور مستقبل پر مبنی معیشت کی پالیسی سے ہم آہنگ ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ واٹر سپلائی اور ویسٹ مینجمنٹ کے شعبے میں 9 فیصد نمو دیکھی گئی، جو ماحولیاتی شعور اور سرکلر اکانومی جیسے ماڈلز کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کی طرف اشارہ کرتی ہے۔

ریئل اسٹیٹ اور ایڈمنسٹریٹو سروسز میں 8 فیصد کا اضافہ ہوا، جب کہ تعلیم نے 7 فیصد ترقی کے ساتھ مضبوط نجی تعلیمی نظام کی نشاندہی کی۔ٹرانسپورٹ اور لاجسٹکس میں 6 فیصد اضافہ ہوا، جو بڑھتے ہوئے انفراسٹرکچر اور تجارتی نقل و حمل کی طلب کی عکاسی کرتا ہے۔ مائننگ اور کوارنگ نے 5 فیصد اور ہول سیل و ریٹیل نے 4 فیصد ترقی کے ساتھ اپنی موجودگی کو مستحکم رکھا۔

رپورٹ کے مطابق تعمیرات، مینوفیکچرنگ اور مالیاتی خدمات میں 3 فیصد، جب کہ ہوٹلنگ اور فوڈ سروسز میں 2 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا جو موسمی تغیرات اور صارفین کے بدلتے رجحانات کو ظاہر کرتا ہے۔ابوظہبی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ڈپٹی چیئرمین اور مینیجنگ ڈائریکٹر شامس علی الظاہری نے اس کارکردگی کو ابوظہبی کی ترقیاتی حکمت عملی کا ثبوت قرار دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ مختلف اسٹریٹجک سیکٹرز میں ممبرشپ میں اضافہ اس بات کی گواہی ہے کہ امارات کا معاشی تنوع پر مبنی وژن درست سمت میں آگے بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیمبر جدت، اسٹریٹجک شراکت داریوں اور نجی شعبے کی استعداد بڑھانے میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔یہ اعداد و شمار واضح کرتے ہیں کہ ابوظہبی کا فوکس صرف روایتی شعبوں پر نہیں بلکہ وہ معیشت کو جدید ٹیکنالوجی، ماحول دوست پالیسیوں اور علمی بنیادوں پر استوار کر رہا ہے جو آنے والے وقت میں پائیدار ترقی اور عالمی مسابقت میں اس کے مقام کو مزید مستحکم بنائے گا۔\932