شورکوٹ ،عوامی مفاد سے جڑے ستھرا پنجاب پروگرام میں بہتری کیلئے افسران سنجیدگی سے فرائض سرانجام دیں،ڈی سی جھنگ

پیر 28 جولائی 2025 18:21

شورکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 جولائی2025ء) ڈپٹی کمشنر علی اکبر بھنڈر کی زیر صدارت ویسٹ مینجمنٹ کی کارکردگی بارے اجلاس منعقد ہوا جس میں ضلع میں صفائی کی مجموعی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر سی ای او ویسٹ منیجمنٹ کمپنی رؤف احمد سمیت کمپنیز کے دیگر افسران کی بھی شریک تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے ویسٹ مینجمنٹ کمپنیز کو کارکردگی مزید بہتر بنانے جبکہ اسسٹنٹ کمشنرز کو بھی از خود فیلڈ میں براہ راست کام کا معائنہ کی ہدایات جاری کیں۔

فیلڈ میں سٹاف کی حاضری اور کارکردگی کی سخت مانیٹرنگ کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ غفلت اور کام چوری پر سخت ایکشن لیا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ کوڑا کرکٹ کی بروقت تلفی اور گلی محلوں میں واضح صفائی نظر آنی چاہیے اس ضمن میں وہ روزانہ کی بنیاد پر صفائی کے حوالے سے عوامی شکایات و صفائی کا از خود بھی معائنہ کریں گے، جدید مشینری کا استعمال، موثر نگرانی اور شکایات کے فوری ازالے کو یقینی بنایا جائے، عوامی مفاد سے جڑے ستھرا پنجاب پروگرام میں بہتری کیلئے افسران سنجیدگی سے فرائض سرانجام دیں۔

(جاری ہے)

سی ای او فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی جانب سے کنٹریکٹرز کو تنبیہ کی گئی ہے کہ دیہی علاقوں میں ڈور ٹو ڈور کولیکشن کو مزید بہتر بنایا جائے ، نالیوں کی ڈی سلٹنگ باقاعدگی کے ساتھ کی جائے، یونین کونسلز میں عملہ صفائی کی موجودگی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے جبکہ سٹاف فیلڈ میں موجود رہے،گرین بیلٹس میں صفائی کا خصوصی خیال رکھا جائے۔

تمام تحصیلوں کے کنٹریکٹرز اپنی کارکردگی کو بہتر بنائیں۔اجلاس میں مشینری کی تفصیلات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا جس میں سات دنوں میں وسائل کو بہتر بنانے اور موثر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ انہوں نے متعلقہ تحصیلوں میں وسائل کی موجودہ صورتحال کے بارے میں اسسٹنٹ کمشنرز رپورٹ کرنے اور ڈمپنگ سائٹ کے لیے زمین کی حد بندی کیلئے متعلقہ تحصیل کے اسسٹنٹ کمشنر سے فوری رابطہ کرنے کی ہدایات جاری کئیں۔\378