25 میںاب تک 15,956 مراکز خوراک کا معائنہ کیا گیا

مراکز و کارخانوں کو قواعد کی سنگین خلاف ورزی پر سیل کیا گیا،صوبائی وزیر خوراک حاجی نور محمد دمڑ

پیر 28 جولائی 2025 20:42

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جولائی2025ء) صوبائی وزیر خوراک و چیئرمین بی ایف اے حاجی نور محمد دمڑ اور ڈائریکٹر جنرل وقار خورشید عالم نے کہا ہے کہ بلوچستان فوڈ اتھارٹی عوام کی صحت کے تحفظ اور معیاری خوراک کی یقینی فراہمی کے لیے اپنی ذمہ داریاں نہایت سنجیدگی سے ادا کر رہی ہے اور یہ صرف ایک حکومتی مہم نہیں بلکہ ایک مسلسل، مربوط اور نتیجہ خیز مشن ہے جس کا مقصد صحت مند بلوچستان کا قیام ہے۔

2025 میںاب تک 15,956 مراکز خوراک کا معائنہ کیا گیا جن میں سے 66 مراکز و کارخانوں کو قواعد کی سنگین خلاف ورزی پر سیل کیا گیاجبکہ متعدد مراکز پر بھاری جرمانے عائد کیے گئے۔یہ بات انہوں نے پیر کو بلوچستان فوڈ اتھارٹی ہیڈکوارٹر میں منعقدہ اہم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ رواں سال 5,589 مراکز مالکان کو اصلاحی نوٹسز جاری کیے گئے تاکہ وہ اپنی خامیوں و نقائص کو دور کر کے قانون کے مطابق خوراک کا کاروبار کریں۔

بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی جدید سائنٹیفک لیبارٹری میں 2,821 اشیاء خوردونوش کی ٹیسٹنگ کی گئی، جن میں سے 1,723 اشیائ کو معیاری جبکہ 1,098 اشیاء کو غیر معیاری قرار دیتے ہوئے فوری طور پر کارروائی کی گئی۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ مضر صحت سبزیوں کے خلاف بی ایف اے نے سخت مؤقف اپناتے ہوئے مسلسل ایک ماہ سے زائد جاری کریک ڈاؤن کے دوران کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں نالے کے آلودہ پانی سے اگائی گئی 1,200 ایکڑ سے زائد فصلیں تلف کی گئیں تاکہ زہریلی اجناس عوامی خوراک کا حصہ نہ بن سکیں۔

بی ایف اے کی ٹیمیں فیلڈ میں مکمل فعال ہیں اور صرف قانونی کارروائی تک محدود نہیں بلکہ تربیتی سیشنز، آگاہی مہمات، اور اصلاحی اقدامات کے ذریعے خوراک سے وابستہ شعبوں میں مثبت تبدیلی لائی جا رہی ہے۔ شہریوں کی سہولت اور شکایات کے فوری اندراج کے لیے کوئٹہ شہر کے مختلف مقامات پر شکایتی باکسز بھی نصب کیے گئے ہیں تاکہ ہر فرد اپنی آواز آسانی سے فوڈ اتھارٹی تک پہنچا سکے۔

پریس کانفرنس کے اختتام پر صوبائی وزیر نے میڈیا سے اپیل کی کہ وہ اس مشن میں شراکت دار بنیں اور کہیں بھی ملاوٹی یا غیر معیاری خوراک کی تیاری یا فروخت کی نشاندہی کریں تاکہ صحت دشمن عناصر کے خلاف بروقت کارروائی کی جا سکے۔ چیئرمین بی ایف اے کے مطابق بلوچستان فوڈ اتھارٹی کا نعرہ "محفوظ خوراک صحت مند زندگی" صرف الفاظ نہیں بلکہ عملی عزم ہے جس کی تکمیل کے لیے بی ایف اے ہر سطح پر بلا امتیاز متحرک اور پرعزم ہے۔