اسرائیل، فلسطین بحران کے دو ریاستی حل کا نفاذ علاقائی استحکام کی کنجی ہے، سعودی عرب

منگل 29 جولائی 2025 08:30

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جولائی2025ء) سعودی عرب نے کہا ہے کہ اسرائیل، فلسطین بحران کے دو ریاستی حل کا نفاذ علاقائی استحکام کی کنجی ہے ۔سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہامسئلہ فلسطین کے پرامن حل اور دو ریاستی حل کے نفاذ سے متعلق ایک اعلیٰ سطح کی بین الاقوامی کانفرنس کے افتتاح پر خطاب کرتے ہوئے کہاکہ خطے کے لوگوں کے لیے سلامتی، استحکام اور خوشحالی کا آغاز فلسطینی عوام کے لیے انصاف اور ان کے جائز حقوق کے حصول سے ہونا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہاکہ سب سے اہم چار جون 1967 کی سرحدوں کے ساتھ ایک آزاد ریاست کا قیام ہے جس کا دارالحکومت مشرقی بیت المقدس ہو۔ انہوں نے فرانسیسی صدر ایمانوئل میکخواں کی جانب سے ستمبر میں فلسطینی ریاست کو باضابطہ طور پر تسلیم کرنے کے ارادے کا خیرمقدم کیا۔

(جاری ہے)

سعودی وزیر خارجہ نے عرب امن اقدام کو کسی بھی منصفانہ اور جامع حل کے لیے فریم ورک قرار دیا۔

انہوں نےغزہ میں انسانی تباہی کے فوری خاتمے پر زور دیا اور کہا کہ ’سعودی عرب اور فرانس نے عالمی بنک سے 300 ملین ڈالر فلسطین کو منتقل کرنے میں سہولت فراہم کی ہے۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب، فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کے حوالے سے کئی ملکوں سے رابطے میں ہے۔ فلسطینی ریاست کے قیام سے پہلے اسرائیل کے ساتھ کوئی تعلقات قائم نہیں کیے جائیں گے۔