خاتون مداح نے 72 کروڑ کی جائیداد دی تھی، سنجے دت کا اعتراف

منگل 29 جولائی 2025 15:12

خاتون مداح نے 72 کروڑ کی جائیداد دی تھی، سنجے دت کا اعتراف
ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جولائی2025ء)بولی وڈ کے بابا کہلانے والے اداکار سنجے سنجے دت نے تصدیق کی ہے کہ ان کی ایک مداح خاتون نے اپنی پوری جائیداد جس کی مالیت تقریبا 72 کروڑ روپے تھی ان کے نام کر دی تھی۔سات سال قبل 2018 میں یہ خبریں آئیں تھی کہ بیماری کی وجہ سے مرنے والی ایک خاتون نے اپنی تمام جائیداد سنجے دت کے نام کردی۔

ماضی میں سنجے دت نے مذکورہ معاملے پر کوئی بات نہیں کی تھی، تاہم اب پہلی بار انہوں نے تصدیق کی ہے کہ خاتون مداح نے اپنی پوری جائیداد ان کے نام کردی تھی۔ہندوستان ٹائمز کے مطابق حال ہی میں دیے گئے ایک انٹرویو میں سنجے دت نے 2018 میں سامنے آنے والی خبروں کی توثیق کرتے ہوئے اعتراف کیا کہ یہ سچ ہے کہ خاتون مداح نے انہیں جائیداد ی تھی۔

(جاری ہے)

اداکار نے بتایا کہ اگرچہ خاتون نے اپنی پوری ملکیت ان کے نام کردی تھی لیکن انہوں نے بعد ازاں وہ پوری جائیداد مذکورہ خاتون کے خاندان کو واپس کردی تھی۔

اس وقت سامنے آنے والی رپورٹس کے مطابق مرنے والی 62 سالہ خاتون جو ممبئی سے تعلق رکھتی تھیں، سنجے دت کی طویل عرصے سے مداح تھیں اور ایک لاعلاج بیماری میں مبتلا تھیں۔انہوں نے اپنی زندگی کے آخری ایام میں اپنے خاندان اور بینک کو حیران کرتے ہوئے قانونی طور پر یہ تحریر کیا تھا کہ وہ اپنی تمام جائیداد جس میں قیمتی پراپرٹی بھی شامل تھی سنجے دت کے نام کرنا چاہتی ہیں۔

یہ انکشاف 2018 میں منظرعام پر آیا تھا اور اس وقت میڈیا کی خاص توجہ حاصل کر چکا تھا، مرنے والی خاتون کے خاندان کو ان کی اس خواہش کا علم ان کی وفات کے بعد ہوا۔اگرچہ سنجے دت قانونی طور پر اس وراثت کے حق دار تھے مگر انہوں نے یہ جائیداد خاندان کو واپس کر دی تھی، جس پر انہیں خوب سراہا بھی گیا تھا۔اب انہوں نے پہلی بار مذکورہ معاملے پر لب کشائی کرتے ہوئے بتایا ہے کہ انہوں نے تمام جائیداد خاتون کے ورثا کو دے دی تھی اور وہ یہ جان کر حیران رہ گئے تھے کہ کوئی ان کا اتنا بھی مداح ہو سکتا ہے کہ ان کے نام اپنی پوری جائیداد کر سکتا ہے۔

متعلقہ عنوان :