عالمی منڈیوں میں آم کی اچھی قیمت کیلئے پھل کی برداشت اوربعد ازبرداشت مراحل پر توجہ دینا ازحد ضروری ہے،ماہرین اثمار

منگل 29 جولائی 2025 16:46

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جولائی2025ء) مینگو ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے ماہرین اثمارنے کہا ہے کہ بین الاقوامی منڈیوں میں آم کی اچھی قیمت کے حصول کیلئے پھل کی برداشت اوربعد ازبرداشت مراحل پر توجہ دینا ازحد ضروری ہے جبکہ مشرق وسطیٰ، چین، جاپان، یورپ اور امریکہ میں پاکستانی آم کو اس کی مختلف اقسام اور مخصوص ذائقہ کی بدولت بہت پسند کیا جاتاہے لہٰذابعدا زبرداشت مراحل میں سب سے اہم مرحلہ ہاٹ واٹر ٹریٹمنٹ ہے جو آم درآمد کرنے والے بہت سے ممالک کی ضرورت ہے۔

انہوں نے بتایا کہ آم کے پھل میں انتھرا کنوز اور پھل کی سٹرن کے تدارک کیلئے پھل کو ہاٹ واٹر ٹریٹمنٹ کے طریقہ میں 3تا6منٹ تک 50سے54ڈگری سینٹی گریڈ پر رکھا جاتا ہے۔اسی طرح پھل کی مکھی کے تدارک کیلئے ہاٹ واٹر ٹریٹمنٹ میں 60 سے 70 منٹ تک 46سے48ڈگری سینٹی گریڈ میں ڈبوکر رکھا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ہاٹ واٹر ٹریٹمنٹ کیلئے آم کے پھل کی پختگی، اس کا سائز اور کثافت اضافی اہم ہیں اسلئے اگر آم برآمد کرنا مقصود ہوتو آم کو درمیانی پختگی یعنی جب اس میں مٹھاس کی مقدار اوسطاً7سے 8ڈگری بریکس ہوجائے تو پھل کو برداشت کریں اسی طرح جہاں تک آم کے پھل کے سائز کا تعلق ہے تو اس بات کا خیال رکھیں کہ ایک جیسے سائز کے پھل ہاٹ واٹر ٹریٹمنٹ سے گزارے جائیں۔

انہوں نے کہاکہ ہاٹ واٹر ٹریٹمنٹ کے بعد دوسرا اہم مرحلہ پری کولنگ کا ہے جس میں آم کے پھل میں موجود جذب شدہ حرارت کو کم کرکے 17 ڈگری سینٹی گریڈ تک لایا جاتا ہے تاکہ اس کی شیلف لائف بڑھائی جاسکے۔انہوں نے بتایاکہ اس طریقہ کار میں آم کے پھل کو برف سے ٹھنڈے کئے گئے پانی سے گزارا جاتا ہے۔انہوں نے ترقی پسند باغبانوں اور آم کے برآمد کنندگان کو ہدایت کی کہ وہ ان سفارشات پر عمل کرکے اعلیٰ کوالٹی کے حامل پھل کی برآمد سے اچھی قیمت حاصل کرسکتے ہیں۔