غزہ کے النصیرات پناہ گزین کیمپ میں رہائشی مکانات پر اسرائیلی فضائی حملوں میں 30 فلسطینی شہید

منگل 29 جولائی 2025 17:09

غزہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جولائی2025ء) غزہ میں النصیرات پناہ گزین کیمپ میں رہائشی مکانات پر اسرائیلی فضائی حملوں میں 30 فلسطینی شہید ہو گئے۔ شنہوا کے مطابق پناہ گزین کیمپ میں العودہ ہسپتال نے پریس بیان میں بتایا ہے کہ اسرائیل نے منگل کی صبح کو نصیرات کے شمال میں واقع ’’نیو کیمپ‘‘ کے علاقے میں شدید فضائی بمباری میں متعدد گھروں کو نشانہ بنایا جو وسطی غزہ کے سب سے گنجان آباد علاقوں میں سے ایک ہے۔

ہسپتال میں جو متاثرین لائے گئے ان میں زیادہ تر خواتین اور بچے شامل تھے۔ ہسپتال نے کہا کہ دھماکوں کی شدت کی وجہ سے متاثرین کی اکثریت کی نعشوں کے ٹکڑے ہو گئے۔ ہسپتال انتظامیہ کے مطابق طبی ٹیمیں بہت زیادہ دباؤ میں کام کر رہی ہیں۔

(جاری ہے)

اس نے کہا کہ کچھ مریضوں کو شدید چوٹیں آئیں لیکن ادویات اور طبی سامان کی کمی علاج میں رکاوٹ ہیں۔مقامی باشندوں نے بتایا کہ اسرائیلی بمباری میں ایک گھر کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 8 افراد شہید ہو گئے،بمباری سے عمارت مکمل طور پر تباہ ہو گئی جبکہ خاندان اندر موجود تھا۔

تباہی اور ہنگامی خدمات کی کمی کی وجہ سے لوگ شہیدوں اور زخمیوں کو لے جانے کے لئے گدھا گاڑیوں کا استعمال کرنے پر مجبور ہیں۔ فلسطینی شہری محمد الحور نے بتایا کہ یہ ایک المناک اور چونکا دینے والا منظر تھا۔دریں اثنا اسرائیلی فورسز نے النصیرات کے شمال مشرق میں المغراقہ کے علاقے اور وادی پل کے قریب زمینی حملہ کیا، جس میں زرعی زمینوں اور رہائشی محلوں کے مضافات کو ٹینکوں اور بھاری توپ خانے سے نشانہ بنایا گیا۔

حملوں سے علاقے میں مکانات اور بنیادی ڈھانچے کو بھی بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا۔شہری دفاع کی ٹیموں نے ایک پریس بیان میں کہا کہ وہ اب بھی ملبے سے زندہ بچ جانے والوں کی تلاش اور نعشوں کو نکالنے کے لیے بمباری کے مقامات تک پہنچنے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن مسلسل شیلنگ اور سامان کی شدید کمی کے باعث رکاوٹیں درپیش ہیں ۔