تریچ میر بیس کیمپ ٹریکنگ کا دوسرے مرحلہ کامیابی سے مکمل

منگل 29 جولائی 2025 18:22

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جولائی2025ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخواعلی امین گنڈاپور کی ہدایات پر تریچ میر بیس کیمپ تک ٹریکنگ کا دوسرامرحلہ کامیابی سے مکمل ہوگیا۔ 20 افراد پر مشتمل ٹریکرز اپنی ٹریکنگ کرنے کے بعد چترال پہنچ گئے۔مشیر سیاحت و ثقافت خیبرپختونخوا زاہد چن زیب کی ہدایات پر خیبرپختونخوا کلچراینڈٹورازم اتھارٹی اور تریچ میر بیک پیکرز کلب کے زیر انتظام ٹریکرز کیلئے بہترین انتظامات کئے گئے تھے۔

ٹریکرز چترال سے براستہ موروئی، کوغزی، ریشن سے گلغاری پختوری اورپھر اوویر شبرونز سے ہوتے ہوئے شوخورشال کیمپ پہنچے جس کے بعد ٹریکرز نے آخری قیام تریچ میر بیس کیمپ میں کیا۔ ڈائریکٹر جنرل خیبرپختونخوا کلچراینڈٹورازم اتھارٹی حبیب اللہ عارف نے ٹریکنگ کے دوسرے مرحلے کے کامیاب اختتام پر ٹریکرز کو مبارک باد دیتے ہوئے کہاکہ صوبائی حکومت کے اس اقدام سے چترال میں مستقبل میں سیاحت کو مزید فروغ ملے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ تریچ میر بیس کیمپ تک ٹریکنگ سے نہ صرف مقامی معیشت مستحکم ہوگی بلکہ مقامی ہوٹلز اور پورٹرز کو بھی معاشی طور پر فائدہ ہوتا ہے۔ملک بھر سے آئے ٹریکرز کی جانب سے تریچ میر بیس کیمپ تک ٹریکنگ کے بعد اب ملکی و غیر ملکی کوہ پیماء ہندوکش پہاڑی سلسلے کی بلند ترین چوٹی تریچ میر سمیت دیگرچوٹیوں کو سر کرنے کیلئے چترال اور خیبرپختونخواکارخ کرینگے۔ خیبرپختونخوا کلچراینڈٹورازم اتھارٹی کی جانب سے ٹریکرز کوقومی جھنڈے، ٹی شرٹس، ٹوپیاں اور پانی کی بوتلیں فراہم کی گئی تھیں۔ تریچ میر ٹریکرز پر مشتمل تیسرا گروپ اگست کے پہلے ہفتے میں بیس کیمپ کیلئے روانہ ہوگا جس میں ملک کے مختلف صوبوں سے خواتین ٹریکرز شریک ہونگیں۔

متعلقہ عنوان :