لیسکو کو بجلی چوروں سے 1 ارب 35 کروڑ کا خسارہ ہونے کا انکشاف

26 ہزار سے زائد بجلی چوروں کیخلاف مقدمات درج کرانے کے باوجود ریکوری ممکن نہ ہو سکی

اتوار 12 اکتوبر 2025 17:20

لیسکو کو بجلی چوروں سے 1 ارب 35 کروڑ کا خسارہ ہونے کا انکشاف
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اکتوبر2025ء) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی کو بجلی چوروں سے واجبات اور بلز کی وصولیوں کی مد میں 1 ارب 35 کروڑ روپے کا خسارہ ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ کمپنی نے گزشتہ دو سال کے دوران 26 ہزار سے زائد بجلی چوروں کے خلاف مقدمات تو درج کروائے، مگر ان سے واجبات کی ریکوری ممکن نہیں بنائی جا سکی۔

(جاری ہے)

آڈیٹر جنرل آف پاکستان کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ لیسکو نے بجلی چوروں کے خلاف الزامات کو ثابت کر کے بھی واجبات کی وصولی یقینی نہیں بنائی۔

رپورٹ کے مطابق بجلی چوری کے مختلف طریقے استعمال کیے گئے جن میں ڈائریکٹ سپلائی، میٹر ٹمپرنگ اور دیگر ہتھکنڈے شامل ہیں۔یہ رپورٹ لیسکو کی مانیٹرنگ اینڈ ٹیسٹنگ اور سرویلنس اینڈ انوسٹی گیشن کے ریکارڈ کی بنیاد پر تیار کی گئی ہے۔ رپورٹ میں بجلی چوری کی روک تھام اور مالی نقصانات کی تلافی کے لیے کمپنی کی کارکردگی پر سوالات اٹھائے گئے ہیں۔